فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ کی رہائش گاہ پر تحریک انصاف کے احتجاج کی کوریج کیلئے پہنچنے والی جیونیوز کی اینکر پرسن ماریہ میمن سے بدتمیزی کی، کیمرہ مین کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ڈی ایس این جی وین پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے ہلہ بول دیا اور انہیں کوریج سے روکنے کی کوشش کی۔
رانا ثنا اللہ کی رہائش گاہ سے چند گز کے فاصلے پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے جیونیوز کی ڈی ایس این جی کو گھیرے میں لے لیا، جیو نیوز کی اینکر پرسن ماریہ میمن کو ہراساں کیا ان پر پانی پھینکا اور کیمرہ مین پر ڈنڈوں برسائے اور بوتلیں پھینکیں۔
اس تشدد سے کیمرہ مین زخمی ہو گیا۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے جیو نیوز کی ڈی ایس این جی پر ڈنڈے برسائے اس پر لگی جیو نیوز کی پرنٹڈ شیٹ کھرچ کر اتار ڈالی اور اس پر رنگ سے مختلف نعرے تحریک کر دیئے۔