فیصل آباد کی خبریں 23/8/2016

Pati Alied Group Pervaiz

Pati Alied Group Pervaiz

فیصل آباد : انجمن تاجران سٹی الائیڈ گروپ کے صدر پرویز اقبال کموکا’ ظفر اقبال سندھو’ جنرل سیکرٹری میاں تنویر’ سابق سینئر نائب صدر طارق محمود قادری ودیگر عہدیداران رانا خالد محمود’ چوہدری عبدالحمید’ حاجی شکیل’ مرزا دائود ابراہیم’ رانا عبدالمحمید’ میاں عابد’ شکیل عابد بھٹی’ آفتاب بٹ اور عرفان منج نے ایم کیو ایم کے قائد کی جانب سے پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی اور میڈیا ہائوسز رینجرز ہیڈ کوارٹرز پر چڑھائی کے احکامات کو کھلم کھلا غداری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج ثابت ہو گیا ہے کہ الطا فحسین غدار وطن نمبر1 ہے۔ اس سے بڑا ہمارے ملک میں کوئی اور غدار ہے نہ شاید قیامت تک کوئی پیدا ہو۔ بھارتی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی ”را” سے مدد طلب کر کے اس برطانوی شہری نے ان تمام شکوک وشبہات کو سچ ثابت کر دکھایا ہے کہ ”را” کے ایجنٹ پاکستان میں موجود ہیں اور یہ سب سے بڑا ایجنٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز پاک فوج کا حصہ ہے اور ہم اپنی بہادر افواج کی جانب اٹھنے والا ہر ہاتھ کاٹ اور ہر آنکھ نکال دیں گے۔ خود ساختہ جلاوطنی کے دوران برطانوی شہرت حاصل کرنیوالے اس اعلانیہ دہشتگرد کو پاکستان انٹرپول کے ذریعے وطن واپسی لا کر اسے ایسی کڑی سزا دے کر آئندہ کوئی وطن عزیز کے بارے میں برا سوچنے کی کوشش نہ کر سکے۔ الائیڈ گروپ کے رہنمائوں نے آخر میں کہا کہ تاجر برادری کراچی کے امن کی بحالی کیلئے کی جانیوالی رینجرز کی کوششوں اور دی جانیوالی قربانیوں کی متعرف ہے اور عزم کرتی ہے کہ رینجرز کیلئے اپنا تن’ من’ دھن تک قربان کر دے گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

فیصل آباد: انجمن تاجران فیصل آباد (فیڈریشن) کے صدر رانا تجمل وحید’ جنرل سیکرٹری شاہد احمد وہرہ اور سینئر نائب صدر محمد اشرف چوہدری نے کہا ہے کہ بالآخر ایم کیو ایم کے قائد کا خوفناک اور مکروہ چہرہ پوری دنیا پرعیاں ہو چکا ہے۔ ایک برطانوی شہری کا برطانیہ میں بیٹھ کر ویڈیو لنک خطاب کے دوران پاکستان سکیورٹی اداروں پر حملوں اور میڈیا ہائوسز کو نشانہ بنانے کے لیے اپنے کارکنوں کو اشعال دلا کر بھوک ہڑتالی کیمپ سے کارکنوں کو روانہ کرنا اور اینٹ سے اینٹ بجانے کے احکامات دینا اس بات کا ثبوت ہیں کہ متحدہ کے قاید بلاشراکت غیرے غدار ہے۔ حکومت ذاتی طور پر مدعی بن کر اس شخص کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کروا کر ایم کیو ایم کو لسانی اور دہشتگرد تنظیم ڈکلیئر کرواتے ہوئے اس پر پابندی لگائے اور جس طرح بھی ہو سکے اس الطاف نامی شخص کو گرفتار کر کے پاکستان لا کر اسے پہلے کراچی پھر سندھ کی سڑکوں پر گھسیٹا جائے اگر پھر نہ مرے تو کسی گندے ترین جوہڑ میں پھینک دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز ہیڈ کوارٹرز اور میڈیا ہائوسز پر حملوں کے احکامات دیکر ایک برطانوی شہری نے ہمارے ملکی معاملات میں مداخلت کی اور ”را” سے مدد مانگ کر غداری کی بدترین مثال قائم کی لہٰذا اس شخص کیساتھ کوئی ہمدردی یا رعایت نہ برتی جائے کیونکہ یہ اس کا قطعاً حقدار نہیں ہے۔ ہم پاکستانی ہیں اور اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ایم کیو ایم کی ملکی سیاست میں کوئی جگہ نہیں بنتی لہٰذا اس پر پابندی عائد کی جائے۔