فیصل آباد: مکان مالکن کے تشدد سے کمسن ملازمہ ہلاک، دوسری زخمی

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد کی پیپلز کالونی میں مکان مالکن کے مبینہ تشدد سے ایک کمسن ملازمہ ہلاک اور دوسری زخمی ہوگئی، پولیس نے تشدد کے الزام میں میاں بیوی کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق پیپلز کالونی کے رہائشی زعیم شاہ اور اس کے اہلخانہ نے گزشتہ رات گھر میں کام کرنے والی بارہ سالہ ماریہ اور نو سالہ صفیہ کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ بچیوں کے بال کاٹ دیے گئے جبکہ ماریہ کو لوہے کے پائپ سے مارا گیا جس سے اس کے جسم کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔ بچیوں کے والدین کو بتایا گیا تھا کہ وہ بیمار ہیں لیکن والدین جب ان سے ملنے پہنچے تو ماریہ کی لاش دی گئی اور صفیہ زخمی حالت میں ملی جس پر بچیوں کے اہل خانہ مشتعل ہوگئے۔

انہوں نے وہاں توڑ پھوڑ کی ، گھر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ملزمان کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس بھی پہنچ گئی اور بچی کی لاش کو تحویل میں لے کر سرد خانے جبکہ زخمی بچی کو اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس نے بچوں پر تشدد کرنے کے الزام میں گھر کے مالک اور اس کی بیوی کو حراست میں لے لیا ہے۔