فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں سسرالیوں کے مبینہ تشدد سے ہلاک ہونے والی لڑکی کے لواحقین نے روڈ بلاک کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔
فیصل آباد کے علاقے میں سدھو پورہ کی رہائشی 20 سالہ سدرہ کی دو سال قبل ملکھاوالہ کے علاقے میں شادی ہوئی تھی، سات روز قبل اس کے والدین کو اچانک اطلاع دی گئی کہ ان کی بیٹی کی موت واقع ہو گئی ہے جب وہ سدرہ کے سسرال گئے تو سسرالیوں نے انہیں میت دکھانے سے انکار کر دیا، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
سدرہ کے لواحقین کا کہنا ہے کہ انہیں شک ہے کہ ان کی بیٹی کو گلا دبا کر مارا گیا ہے۔
انہوں نے اہل علاقہ کے ساتھ مل کر سدھو پورہ روڈ بلاک کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ تھانہ صدر میں مقدمہ درج کر کے تفتیش کی جائے۔ انہوں نے اعلی حکام سے انصاف کی بھی اپیل کی ہے۔