فیصل آباد (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ فیصل آباد کے لیے بھی میٹرو بس منصوبے پر کام عنقریب شروع ہو جائیگا۔
پنجاب کے لوکل باڈیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے شہریوں کو مژدہ دیتے ہوئے کہا کہ” فیصل آباد کو نواز شریف کا میٹروبس منصوبے کا تحفہ مبارک ہو”۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کے اہم ترین شہروں میں شامل ہے جسے مزید سہولتوں سے آراستہ کیا جائیگا۔
خیال رہے فیصل آباد سے قبل اسلام آباد، لاہور اور ملتان میں بھی میٹرو بس منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی ان منصوبوں پر بھاری اخراجات کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کی وفاقی اور صوبائی حکومت پر تنقید کرتی چلی آئی ہیں۔ تاہم پی ٹی آئی اب پشاور میں میٹرو بس بنانے کا اعلان کر چکی ہے۔
تحریک انصاف پر نکتہ چینی کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دھرنے والے بھی تھک ہار کر پشاور میں میٹرو منصوبے بنانے لگے ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق احتجاجی سیاست نے معیشت کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
انہوں نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گا۔