فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران ناولٹی پل پر فائرنگ سے زخمی ہونے والا 22 سال کا نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ حالات مزیدکشیدگی کی طرف جا رہے ہیں۔ بعض مقامات پر ن لیگ اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم ہوا ہے ۔جو دوسرے علاقوں تک پھیلتا جارہاہے ۔ ناولٹی پل پر فائرنگ سے2افراد زخمی ہوگئےتھے۔مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے واٹر کینن کا استعما ل کیا گیا۔
فیصل آباد بند کرنے کے اعلان کے باجود شہر میں صبح معمول کے مطابق سرگرمیاں شروع ہوئیں ۔ سڑکوں پر ٹریفک اور بچے اور اسکول جاتے نظر آئے ۔مگر پھر تحریک انصاف کے کارکن حرکت میں آگئے ۔ سڑکوں پر ٹائر پھینک کر آگ لگائی اور ٹریفک بلاک کردی۔
اسکول بھی زبردستی بند کرانے کی کوشش کی گئی ۔ملت چوک، کلیم شہید چوک، عبداللہ پور چوک ، ناولٹی پل، سمندری روڈ سمیت مظاہروں اور دھرنوں کا سلسلہ 9 مقامات تک پھیل گیا۔ اتنے میں ن لیگ کے کارکن بھی مدمقابل آگئے ۔مخالف نعرے بازی، دھکم پیل اور گر ما گرمی شروع ہوگئی ۔ بعض جگہوں پر ڈنڈوں اور انڈوں کا بھی استعمال ہوا۔ کچھ مقامات پر صورتحال اس سے بھی بدتر نظر آئی ۔پولیس بھی کوشش میںلگی ہے کہ حالات قابو سے باہر نہ جائیں۔