فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے احتجاج پر اسلحہ کے کھلے استعمال کی مذمت

Protest

Protest

لاہور: مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، مرکزی سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی اور ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے اپنے مشترکہ بیان میں نون لیگ کی جانب سے فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے احتجاج پر اسلحہ کے کھلے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبہ میں پولیس کو نون لیگ کی پولیس بنانا چاہتی ہے۔

اور اس وقت ملک پولیس اسٹیٹ کا منظر پیش کررہا ہے ، فیصل آباد کے واقعہ نے سانحہ ماڈل ٹاون کی یاد ایک بار پھر تازہ کردی گئی ہے۔ رہنماوں نے لیگی کارکنوں کی جانب سے فائرنگ سے پی ٹی آئی کے کارنوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے واقعہ کا پنجاب حکومت کو ذمہ دار قرار دیا ہے کہ اور کہا ہے کہ راناثناء اللہ اس سارے واقعہ کی سازش میں ملوث ہیں جنہیں فی الفور گرفتار کیا جائے۔

پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا حق ہے، پرامن احتجا ج پر نون لیگ کی طرف سے حملے نے ثابت کردیا ہے کہ یہ جماعت ایک آمر کی پیدار ہے ، یہ جماعت کئی باریاں لینے کے باوجود بھی اپنے اندر سیاسی انداز پیدا نہ کرسکی، کبھی گلو بٹ کبھی پومی بٹ جیسے کرداروں کو سامنے لاتی ہے۔

رہنماوں کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اس واقعہ کا نوٹس لے اور ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے ورکرز کی ہلاکت پر تحریک انصاف اور لواحقین سے اظہار تعزیت کی ہے۔