فیصل آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے راہنما حافظ طاہر جمیل میاں نے کہا ہے کہ مسیح ہو یا اور کوئی اقلیت یہ سب پاکستان کی جان ہیں اور ان کی وطن عزیز کیلئے خدمات کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ، یوحنا آباد میں چرچوں پر حملے کرنے والوں کا تعلق لگتا ہے انسانیت سے نہیں بلکہ حیوانیت یا درندگی سے ہے ، اقلیتوں کی عبادت گاہ کو نشانہ بنانا کسی مسلمان بلکہ انسان کا کام نہیں ہو سکتا ، یہ کام کسی درندے نے ہی کیا ہوگا ، اللہ کرے جو بھی اس سانحہ میںملوث ہے اسے تاقیامت ایک پل بھی سکون کا میسر نہ ہو سکے ، انہوں نے کہا کہ مشتعل مظاہرین نے موقعہ پر سے پکڑے جانے والے مشتبہ افراد کو پہلے تشدد کے ذریعے پولیس کے سامنے قتل اور پھر ان کی لاشوں کو آگ لگا کر اچھا کام نہیں کیا ، اگر وہ دہشت گرد تھے تو پکڑے جانے کی صورت میں ان کے پورے گروہ کو پکڑنے میں مدد مل سکتی تھی، دو ناسوروں نے تو خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑ ادیا تھا اگر یہ ان کے ساتھی تھے تو ان سے بہت اچھی معلومات مل سکتی تھیں مگر افسوس کہ اب لکیر ہی پیٹی جائے گی اورکچھ بھی نہیں ہوگا ، انہوں نے کہا کہ سانحہ کے دوسرے روز لاہور کی سڑکوں پر مظاہرین جو کچھ کر رہے ہیں وہ انتہائی افسوسناک اور تشویش ناک ہے ، اس طرح اگر لوگ اپنے مطالبات کے حق میں سڑکوں پر نکل کر املاک اور عوام کو نقصان پہنچانے لگے تو اللہ نہ کرے ہم کسی بہت بڑے سانحہ سے ہی دو چار نہ ہو جائیں ، جن درندوں نے یہ کام کیا وہ بلاشبہ معافی کے لائق نہیں مگر انہی مظاہرین نے مبینہ مشتبہ افراد کو پکڑ کر مار ڈالا اور ان کی لاشیں جلادیں ، اب ان حالات میں حکومت کے ہاتھ خود انہی مظاہرین نے باندھ دئیے ہیں ، اب ان لوگوں کو صبر کا مظاہرہ کرنا چاہیے تا کہ حکومت سانحہ میں ملوث افراد تک پہنچنے کی کوشش کر سکے۔تاجر و لیگی رہنماء نے مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی اور ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری صبرو تحمل سے کام لے ، املاک کو نقصان پہنچانے سے جو لوگ اس سانحہ کی نظر ہو گئے وہ کسی صورت واپس نہیں آسکتے ، پنجاب حکومت اس سانحہ میں ملوث درندوں کو کسی صورت معاف نہیں کرے گی اور بہت جلد ملوث افراد کے چہروں پر سے نقاب اتار دے گی۔
Fasialabad News
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فیصل آباد: لاہور چرچ میں ہونے والی دہشتگردی بزدلانہ فعل ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے چرچ مساجد اور امام بارگاہوں پر حملے کرنے والے انسان کہلانے کے حق دار نہیں ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران سٹی الائیڈ گروپ کے صدر چودھری پرویز اقبال کموکا ودیگر عہدیداروں ملک اکبر حیات طارق قادری رانا خالد حاجی مسعود بٹ مرزا دائود ابراہیم میاں عابد شکیل عابد بھٹی رانا عبدالحمید اور عرفان منج نے لاہور چرچ پر ہونے والی دہشتگردی پر اپنے مشترکہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ دہشتگردی نے ملک کی جڑیں کمزور کردی ہیں جس کا ہر پاکستانی کو مل کر مقابلہ کرنا ہوگا اس ضمن حکومت اور پاک فوج ملک دشمن عناصر سے جلد نمٹ لے گی آپریشن ضرب عضب ہر صورت جاری رہنا چاہیے تاکہ دہشتگردی کے ناسور کاخاتمہ یقینی ہوسکے انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس دکھ کی گھڑی میں پوری مسیحی برادری کے غم میں برابر کے شریک ہیں پاک فوج نے جس طرح کراچی میں دہشتگردی کرنے والوں کو رنگے ہاتھوں پکڑا ہے اسی طرح پوری قوم آئی ایس آئی اور افواج پاکستان سے توقع رکھتی ہے کہ وہ ملک میں دہشتگردی کرنے والوں کو اسی طرح رنگے ہاتھوں پکڑے گی۔