فیصل آباد: عوام دشمن ن لیگی حکومت نے گیس میں 13 تا 63 فیصد اضافہ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کرکے صارفین سے سنگین مذاق کیا ہے۔ بدترین مہنگائی کا ایک اور نیا طوفان لانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ موجودہ نااہل حکومت غریب عوام، کسانوں اور محنت کشوں کو زندہ درگور کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتی۔ سستے تیل کا فائدہ آج تک عوام کو نہیں مل سکا۔ اسحاق ڈالر وزیرخزانہ ”غلامان آئی ایم ایف” بنا قوم کے زخموں پر نمک کی بجائے تیزاب چھڑک رہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری سعید اقبال نے اپنے چیمبر ضلع کچہری میں پیپلزلیبر بیورو کے ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات محمد طاہر شیخ کی قیادت میں کسانوں ، محنت کشوں اور پارٹی ورکروں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 38ڈالر فی بیرل تیل ملنے کے باوجود 23روپے فی لیٹر پیٹرول پر جی ایس ٹی لگانا کہاں کا انصاف ہے؟ گیس کی قیمت میں اضافہ مہنگائی سے کھاد اور زیادہ مہنگی ہوگی بیچارہ غریب کسان کیسے اپنے بچوں کا پیٹ پالے گا اور ذریعہ معاش کیسے حاصل کرے گا؟۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فیصل آباد: پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ اکرم پاشا نے کہا ہے کہ تاجر دوست حکومت نے کمرشل صارفین اور عام آدمی کو آئی ایم ایف کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے۔ آئی ایم ایف سے وفاقی حکومت نے 50 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز کی قسط حاصل کرنے کیلئے گیس کی بے جا قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات میں صرف تین روپے کمی کرکے تاجر برادری کو بہت مایوس کیا ہے۔ ودہولڈنگ ٹیکس کے عذاب سے ابھی جان چھوٹی نہ تھی تو دوسری جانب ٹیکسٹائل سیکٹر کو تباہ وبرباد کرنے کیلئے نواز حکومت گھریلو گیس پر 13فیصد اور کمرشل صارفین پر 63فیصد جگا ٹیکس کی تلوار چلا دی جو کہ انتہائی افسوسناک فعل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ پیپلز پارٹی کی سابق حکومت تاجروں کو عزت دیتی تھی ہمارے مطالبات کو مانتی تھی لیکن تاجر دوست ن لیگ تاجروں کو کنگال اور بدحال کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے۔ آخر جائیں تو جائیں کہاں؟ احتجاجی مظاہروں اور ہڑتالوں کا وفاقی حکومت پر کوئی اثر نہیں ہورہا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پائما اور تاجروں کے نمائندوں سے حالیہ گیس قیمتوں کے اضافے پر شدید تنقید اور مذمت کرتے ہوئے کیا۔ تاجر برادری گیس کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتی ہے۔ ن لیگ عالمی بنک کی غلام چھوڑ کر عوام کو حقیقی ریلیف دیں اور تکالیف سے دوچار نہ کریں۔