فیصل آباد: اہلکار گھر میں گھس گئے، خواتین سے بدتمیزی، لوگوں نے پکڑ لیا

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں 5 سادہ لباس پولیس اہلکاروں کو گھر میں گھسنے پر اہل علاقے نے پکڑ کر کمرے میں بند کر دیا۔ وارنٹ کے بغیر گھر میں داخل ہونے والے اہلکاروں نے خواتین سے بدتمیزی کی اور خوف زدہ کرنے کےلئے فائرنگ بھی کی، جس پر اہل علاقہ جمع ہوگئے اور انہوں نے سی آئی اے کے اہلکاروں کو پکڑ لیا اور ایک کمرے بند کرکے تالا لگا دیا۔

اہلکاروں کی رہائی کے لیے اعلیٰ پولیس حکام رہائی کیلئے پہنچ گئے۔ پولیس نے کمرے میں بند اہلکاروں سے پوچھا تو ان کا کہناتھاکہ جوئے کی شکایت پر مارے گئے چھاپے کے ملزم کا تعاقب کررہے تھے جو اس گھر میں داخل ہوا تھا۔

اہل خانہ نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سادہ لباس اہلکاروں کا وارنٹ کے بغیر گھر میں داخلہ خلاف قانون ہےاور وہ ان کو اس وقت تک نہیں چھوڑیں گے جب تک علاقےکے ایس پی آکر وضاحت نہیں کرتے۔

لوگوں کے مطالبے پر ایس پی علاقہ جائے وقوع پر پہنچے، مذاکرات اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کے بعد پانچوں اہلکاروں کو چھڑاکر لے گئے۔