فیصل آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام میاں نواز شریف سے اظہار یکجہتی ریلی آج سہ پہر 4 بجے ضلع کونسل چوک سے نکالی جائے گی جو چوک گھنٹہ گھر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگی ، اس امرکا فیصلہ خواجہ محمد اسلام سابق ایم پی اے کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں کیا گیا ، پی پی 72 سے متوقع ایم پی اے نے اس موقع پر کہاکہ میاں نواز شریف عوامی وزیر اعظم ہیں جن پر کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں ہو ا جس جرم میں انہیں عوام کی خدمت سے محروم کیا گیا وہ صرف یہ تھا کہ انہوں نے اپنے بیٹے سے انکی کمپنی کا سی ای او ہونے کی تنخواہ وصول کیوں نہیں کی یہ وہ جرم تھا جس کا پانامہ کیس سے کوئی بھی تعلق نہیں اور نہ ہی ان پر ایسا کوئی الزام تھا ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جشن آزادی کی تقریبات اس کے شایان شان منانے کا فیصلہ میاں نواز شریف نے کیا تھا لہٰذا یکم اگست سے 14 اگست تک پی پی 72 کی ہر یونین کونسل میں یوم آزادی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی جبکہ 13 اگست کی رات ہونے والی مرکزی تقریب نڑوالا روڈپرانعقاد پذیر ہو گی ، رات 12بجے پرچم کشائی کی جائے گی اس موقع پر جلسہ عام بھی منعقد ہو گا ، اس اہم اجلاس میں بلدیا تی نمائندوں ملک عدنان الحق ،انجینئر بابر شہزاد ، خالد گلزار ، رانا عبدالحفیظ ، ارشد ناز ،حاجی عبدالغفارسلطانی ، چوہدری شبیر ،حاجی عبدالحمید جٹ ، ملک مصنور، رانا وارث ،سابق ایم پی اے کمال چغتائی ایڈووکیٹ ، طاہر رانا ، شیخ اسلم ، حکیم عبدالرزاق ، ارسلان ، حاجی شہزاد عاصم ، سجاد چشتی ، حکیم طارق جاوید ، عاصم خان لودھی ، علی احمد ، سابق میئر ملک اشرف اور عبدالغفور بٹ کے علا وہ کارکنوں کی کثیر تعدادنے بھی شرکت کی ۔
فیصل آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق ایم پی اے خواجہ محمد اسلام نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کیخلاف عالمی سازش کی گئی ہے جبکہ حقیقی معنوں میں یہ سازش وطن عزیز کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے اور اسے ایشین ٹائیگر بنانے والے فرد واحد کے خلاف تھی تاہم سازشیں کرنے والے یاد رکھیں قائد محترم انشاء اللہ پھرسرخرو ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف 3 مرتبہ وزیراعظم بنے اوراب عدالتی فیصلے کے بعد وہ مستعفی ہو کر عوامی وزیراعظم بن گئے ہیں ، بہت جلد وہ دوبارہ منتخب ہو کر چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنیں گے اورتمام سازشیں دم توڑ جائیں گی ، ملک بھر کی طرح فیصل آباد کے عوام اور لیگی کارکن میاں نوازشریف کی قیادت میں متحد اور ہر سازش کا بھرپور مقابلہ کریں گے خواجہ محمداسلام نے مزید کہا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ جب عوام کے محبوب ترین قائد نے ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالی تو وطن عزیز اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا۔ دہشتگردی نے ہر سو ڈیرے ڈال رکھے تھے، مہنگائی ، بیروزگاری کے باعث لوگ خودکشیاں کررہے تھے ، تاہم گزشتہ سوا چار برسوں کے دوران ہمارے قائد نے ان تمام بحرانوں کا مردانہ وار مقابلہ کیا اور ایک ایک کرکے تمام بحرانوں کو اٹھا کر ملکی حدود سے باہر پھینک دیا یہی وہ انقلابی اقدامات تھے جو سازشیوںکوایک آنکھ نہ بھائے اورانہوں نے ایک کاغذی ڈرامہ بطور ایشو بنا کر پیش کردیا اور بدقسمتی سے وہ لوگ اس میں کامیاب ہوگئے تاہم ان کی یہ خوشی ادھوری ہے بہت جلد ان لوگوں کی صفوں میںماتم برپا ہوگا۔
فیصل آباد ( ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر سٹی رانا جاوید اشرف نے کہا ہے کہ کرپشن کا ناسور جس تیزی کیساتھ پھیل رہا تھا اگر اس کو روکا نہ جاتا تو یہ پورے معاشرے میں سروعیت کر جاتا۔ سپریم کورٹ نے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے جے آئی ٹی بنائی جس نے کمال جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس ناسور کو مکانے کے لیے ایسی ٹھوس بنیاد رکھی کہ کمال ہو گیا۔ جو تھوڑی بہت کسر رہ گئی تھی وہ خود عدالت عظمیٰ نے نکال دی۔ امید ہے اس عدالتی فیصلے کے بعد اب کرپٹ لوگ ضرور تجدید اسلام کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف فیملی کیساتھ ہمارے قائد عمران خان کی کوئی ذاتی عداوت نہیں تھی وہ تو صرف کرپشن کیخلاف اور انصاف سرعام کے ماٹو پر عمل کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے تھے اسی دوران پاناما لیکس کا معاملہ سامنے آیا یہ دراصل اﷲ تعالیٰ کا خصوصی ازخود نوٹس تھا جس کے نتائج آج پوری قوم کے سامنے ہیں۔ اقامہ لیگ کے تمام وزراء اور اراکین پارلیمنٹ کی اسی چکی میں سے گزرنا پڑے گا جس میں سے نواز شریف گزرے ہیں جو تو پاک صاف ہو گا وہ محفوظ رہے گا اور جو اپنے قائد کے نقش قدم پر چل کر یہاں تک آیا ہو گا وہ اپنے کئے کی سزا ضرور بھگتے گا اور اسے بھی اس ٹرین میں سوار ہونا ہو گا جس میں نواز شریف سوار ہوئے ہیں۔
فیصل آباد ()پاکستان تحریک کے سٹی صدر ڈاکٹر اسد معظم نے کہا ہے کہ عمران خان نے جو کہا وہ کر دکھایا اب قوم کو دیکھنا ہوگا کہ کھرا اور کھوٹا کون ہے ‘عدالتی فیصلے کے بعد یہ توثابت ہوگیا کہ مسلم لیگ (ن) کسی صورت بھی محب وطن نہیں ہے کیونکہ اس کے تمام وزراء بھی کرپٹ اور اقامہ ہولڈر ہیں ‘معاملہ نواز شریف کی نا اہلی تک نہیں رہے گا بلکہ بہت دور تک جائے گا اور بڑے بڑے پردہ نشیں بے نقاب ہوں گے ‘ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے ‘اُنہوںنے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے 23سال بعد عمران کی جدو جہد کوقبولیت بخشی اور ملک کے سب سے طاقتور ترین انسان کو اسکے منطقی انجام تک پہنچایا ‘ان لوگوں کی ذہنیت کا اندازہ وہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہیں پارٹی کے کسی بھی ممبر پر اعتبار نہیں اسی لئے خود گئے تو ایک نشست پر چھوٹے بھائی کو بٹھانے کی وصیت کر گئے مگر یہ یادرکھیں جس طرح ان کا چل چلائو ہورہے بالکل اُسی طرح چھوٹا بھی جائے گا کیونکہ یہ ثابت ہورہا ہے کہ (ن) لیگ کی سیاست میں تقریباً سبھی ننگے ہیں ‘اُنہوںنے کہا کہ وزیراعظم ہونے کے باوجود نواز شریف کا اقامہ رکھنا اور تنخواہیں وصول کر آئین وقانون کی بدترین خلاف ورزی تھی کیونکہ صرف وزیراعظم ہی نہیں بلکہ کوئی بھی رُکن اسمبلی بھی منافع بخش عہدہ نہیں رکھ سکتا بلاشبہ اقامہ رکھنا کوئی جرم نہیں تاہم چھپانا بہت بڑا جرم ہے اس جرم میں جو جو بھی ملوث پایا جائے گا اُسے گھر جانا ہی پڑے گا ڈاکٹر اسد معظم نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد نیا پاکستان معرض وجود میں آئے گا اور یہ وہ پاکستان ہوگا جس میں کرپشن ہوگی نہ کوئی کرپٹ بچ سکے گا۔
فیصل آباد( )مسلم لیگ (ن) کارپوریشن کے جنرل سیکرٹری شاہد محمود بیگ اور جوائنٹ سیکرٹری محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ ہمیںاپنے قائد اور عوامی وزیراعظم میاں محمدنوازشریف پر فخرہے کہ سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی ملکر بھی ان کے خلاف ایک پائی کی کرپشن بھی ثابت نہیں کر سکتے تاہم اپنے ہی بیٹے کی کمپنی سے 20 ہزار ریال یعنی 2 لاکھ روپے پاکستانی تنخواہ وصول نہ کرنے پر نااہل قرار پاگئے ، انہوں نے کہا کہ قائد محترم نے عدالتی فیصلہ آنے کے چندلمحوں بعد ہی وزارت عظمیٰ چھوڑتے ہوئے استعفیٰ دے کر ایک نئی روایت قائم کر دی اور جو وہ کہتے تھے کہ ہم اقتدار کی نہیں بلکہ اقدار کی سیاست کرتے ہیں اسے پورا کر دکھایا ، غیرملکی اخبارات میں ان کی نااہلی بارے جو اداریئے لکھے جارہے ہیں وہ ہر مسلم لیگی ورکر کیلئے بھی قابل فخر ہیں، انہوں نے کہا کہ ایک لفظ استعمال کیا جارہا ہے ”تاحیات نااہل’ ‘ تو عدالت نے ایسا کوئی فیصلہ نہیں دیا یہ تو ایک مخصوص ٹی وی چینل کی مہربانی ہے جس نے 24 گھنٹے تک مسلسل ہی ہیڈلائنز چلائی ہیں یہ وہ ٹی وی چینل ہے جو گزشتہ تین برس سے روزانہ حکومت کو گھر بھجواکر سوتا تھا ، انہوں نے شیخ رشید احمد کو خاندانی بیوفا کا خطاب دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہی شخص ہے جو کل تک نوازشریف کے جوتے اٹھایا کرتا تھا اور وزارت اطلاعات حاصل کرنے کیلئے دن رات ان کی دہلیز پر گزارتا تھا مگر آج یہ وہ وقت بھول گیا ہے تاہم شیخ رشید یاد رکھے کہ اگر خدانخواستہ کبھی بھی زندگی میں عمران خان اقتدار میں آگئے تو وہ ان کو وزارت اطلاعات تو بہت دور ان کو وزارت منصوبہ بندی کا بھی قلمدان نہیںدیں گے۔
فیصل آباد ( )پیپلز پارٹی پی پی 68 کے امیدوار اور رانا اعظم خاں نے کہا ہے کہ ملکی وسائل لوٹنے والوں کا کائونٹ ڈائون شروع ہو گیا مسلم لیگ ن قصہ پارینہ بن گئی۔ پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی باتیں کرنے والے خود ختم ہو گئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پانامہ لیکس کا فیصلہ آنے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ملک سے سول آمر کے اقتدار کا خاتمہ ہو گیا پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اداروں کو مضبوط بنانے کی کوششوں پر زور دیا لیکن شریف خاندان جب بھی اقتدار میں آیا انہوں نے اپنے آپ کو مضبوط کرنے کی کوشش کی امیر المومنین بننے کے خواب دیکھے گئے لیکن اللہ کی لاٹھی بڑی بے آواز ہے شریف خاندان اللہ کی پکڑ میں آ چکا ہے انہوں نے مزید کہا کہ پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کرے گا۔کرپشن کے الزامات پر وزیراعظم اور وزیر خزانہ کی نااہلی ابتدا ہے پانامہ کے بعد اقامہ کیس میں بھی کئی نااہلیاں سامنے آئیں گی۔