فیصل آباد کی خبریں 18/4/2017

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد : پاکستان تحریک انصاف حلقہ این اے 84 کے امیدوار میاں اختر محمود نے کہا ہے کہ میٹرو بسیں عوام کو انکی دہلیز پر پہنچانے کا ذریعہ نہیں بن سکیں۔ حکمران ذاتی کمیشن اور مفادات کے لیے غریبوں کے گلے چھری چلانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ عمران خان جیسا محب وطن لیڈر ہی ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے۔ قوم کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔ آنیوالا وقت صرف تحریک انصاف کا ہے پی ٹی آئی ہی ملک کو بحرانوں سے نجات دلائے گی اور ملک کو کرپشن جیسی لعنت اور دیگر لعنتوں سے پاک کرنا ہو گا۔ اداروں میں سیاسی مداخلت اور کرپشن نے ملک کو بحرانوں کے عذاب سے دوچار کر رکھا ہے۔ حکومتی ادارے خود مہنگائی میں اضافے کا اعتراف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن کو جتنی جلدی ہو سکے فوری پھانسی دی جائے کیونکہ یادیو صرف جاسوس ہی نہیں بلکہ بے شمار پاکستانیوں کا بے رحم قاتل بھی ہے۔ جس کیلئے سزائے موت پوری قوم کے دل کی آواز تھی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت کسی کی دھمکیوں میں نہیں آئینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فیصل آباد ( )پاکستان تحریک انصاف پی پی 65 کے راہنما چوہدری ظفر اقبال سندھو نے کہا ہے کہ آئندہ ہونیوالے انتخابات میں کاغذی شیر وں کو واضح شکست ہوگی ، دھونس اوردھاندلی کے زور سے جیتنے والوں کو منہ چھپانے کی جگہ تک نہ ملے گی ،حکمران پانامہ لیکس سے ثابت ہونے والی کرپشن کو چھپانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں عوام پانامہ لیکس کے فیصلہ کا انتظار کررہے ہیں ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ یہ کسی جمہوریت ہے جہاں پر عوام کو انصاف نہیں مل رہا ،جہاں عوام مہنگائی کے باعث فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں ،یہ جمہوریت نہیں بلکہ شریف خاندان کی بادشاہت ہے ، انہوںنے کہا کہ پیپلزپارٹی کے قائدین حکمرانوں کیخلاف بیان بازی کر کے ان کے ساتھ ہونیوالی ڈیل کو چھپا رہے ہیں ،تحریک انصاف ملک میں ناانصافی اورلاقانونیت کا خاتمہ کرے گی ،عوام کو بلا تفریق انصاف کی فراہمی ہمارے منشور میں شامل ہے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فیصل آباد ( ) پاکستان پیپلز پارٹی پی پی 69 کے ٹکٹ ہولڈر رانا سیف خالد نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی کھوکھلی بڑھکوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شعورو عقل تو شریف خاندان کے قریب سے بھی نہیں گزرا اس لئے انہیں یہ پتہ ہی نہیں کہ پاکستان اور چین کے درمیان گوادر معاہدہ صدر آصف علی زرداری کا کارنامہ تھا۔ اگر گوادر سنگاپور سے واپس لے کر چین سے معاہدہ نہ کیا جاتا تو راہداری کہاں بنتی۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کو بڑھکیں مارنے اور مال بنانے کے سوا آتا ہی کیا ہے؟ شہباز شریف نے تو چھ ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا اب شہباز شریف اپنا نام تبدیل کرے کہ انہیں کس نام سے پکارا جائے؟ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دیہی علاقوں خاص طور جنوبی پنجاب میں پندرہ سے اٹھارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے جو نواز حکومت کے دعوئوں کا بھرم توڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعد رفیق سے ریلوے کے پھاٹک سنبھالے نہیں جاتے سوائے بیان بازی کے اور بیان بازی کرتے وقت سعد رفیق کی عقل اور زبان کی بریک فعل ہو جاتی ہیں۔