فیصل آباد کی خبریں 27/4/2017

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سٹی صدر ڈاکٹر اسد معظم نے کہا ہے کہ 28 اپریل آنے میں ابھی ایک روز باقی ہے مگر حکمرانوں کو ابھی سے ” پسو ” پڑے ہوئے ہیں ،بانت بانت کی بولیاں بولنے والے حکمران اور ان کے گماشتے یاد رکھیں 28 اپریل کو ایک نئی تاریخ رقم ہو گی، اس روز عمران خان ایسے ایسے اعلانات کریں گے کہ حکمرانوں کے اوسان خطا ہوجائیں گے ،فیصل آباد سے عوام کا ایک سمندر ہوگا جو اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہوگا اگر کسی نے اس کی راہ میں آنے کی کوشش کی تو اسکی موجیں اسے ساتھ بہا کر لے جائیں گی ،انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کیساتھ ساتھ فیصل آباد کے عوام ،تاجر ،وکلاء بالخصوص پسے ہوئے طبقات 28اپریل کا انتہائی بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ وہ عمران خان کا خطاب براہ راست سنیں ہم ان کی خواہشات کا مکمل احترام کریں گے ،جو لوگ اپنے قائد کا خطاب سننے وفاقی دارالحکومت جانا چاہتے ہیں وہ سٹی سیکرٹریٹ سے رابطہ کرسکتے ہیں، ڈاکٹر اسد معظم نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے جلسے جہاں بھی ہوتے ہیں فیصل آباد سے بڑے بڑے قافلے ان جلسوں میں شرکت کیلئے جاتے ہیں مگر 28اپریل کو جو قافلہ روانہ ہوگا اس کے شرکاء کی تعداد گننا حکمرانوں کیلئے مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن بھی ہوگا وہ لوگ جو فیصل آباد کو اپنا ناقابل تسخیر قلعہ کہتے ہیں ہم ان کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ 28اپریل کو منہ ہاتھ دھوکر جلد گھروں سے نکل کر کمال پور انٹر چینج پر پہنچیں اور دیکھیں کہ تحریک انصاف نے ان کے قلعے میں کتنے سوراخ ڈال دئیے ہیں اب یہ سوراخ ( ن ) لیگ سے کبھی پر نہیں ہوسکیں گے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

فیصل آباد : انجمن تاجران منٹگمری بازار کے صدر حافظ طاہر جمیل میاں نے کہا ہے کہ 28اپریل کو ” ہوا ” بنانے والے خود دیکھیں گے کہ پاناما لیکس کی طرح 28اپریل کو ان کے غبارے سے کیسے ہوا نکلتی ہے ،عوام روز روز کی ریلیوں ،جلسوں اور جلو سوں سے تنگ آچکے ہیں ،احتجاج کی سیاست نے کاروبار کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے ،اگر پاکستان ترقی کے راستے پر چل پڑا ہے تو ترقی کے دشمنوں کی پیٹ درد کیوں نہیں رک رہی ،انہوںنے کہاکہ سی پیک کو پائیہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے حکومت اور پاک فوج ایک پیج پر ہے مگر مخالفین اس کے باوجود اس گیم چینجر منصوبے کو ناکام بنانے پر تلے ہوئے ہیں مگر اللہ کے گھر میں امید ہے کہ ان لوگوں کو کچھ حاصل نہیں ہوگا اور ملک ہر صورت ترقی کرکے ایشیاء کا ٹائیگر بنے گا ،انہوںنے کہا کہ عالمی ادارے اور دنیا بھر کے ممالک پاکستان کی گروتھ کرتی ترقی کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں اور اگر حکومت کے اس آخری سال میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالی گئی تو ایک وہ نیا پاکستان معرض وجود میں آئے گا جس کا خواب قائد اعظم اور علامہ اقبال نے دیکھا تھا ،حافظ طاہر جمیل نے مزید کہا کہ 28اپریل کو اسلام آباد میں زندگی معمول کے مطابق ہوگی چونکہ راولپنڈی ،اسلام آباد میں جمعہ کے روز مقامی طور پر چھٹی ہوتی ہے اس لئے ممکن ہے چند سو افراد گانے سننے کیلئے جلسہ گاہ میں آجائیں اگر تحریک انصاف نے گانے بجانے کا کوئی پروگرام نہ رکھا تو یہ بات وثوق کیساتھ کہی جاسکتی ہے کہ شائد 5سولوگ بھی عمرا ن خان کی ہر زہ سرائی سننے نہ آئیں، وقت آگیا ہے کہ عمران خان قوم کو ورغلانے کی بجائے کوئی کام کی سیاست کرلیں وہ گزشتہ 21برسوں سے تخریبی سیاست کررہے ہیں مگر آج تک ان کے ہاتھ کچھ نہیں آیا اور نہ آئندہ کبھی کچھ آئے گا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فیصل آباد : پاکستان تحریک انصاف ویسٹ ریجن کے سیکرٹری ویلفیئر لقمان چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے 28اپریل کے تاریخی جلسہ عام کا صرف تحریک انصای ہی نہیں بلکہ پوری قوم کو بے چینی سے انتظار ہے جبکہ لوگ گن گن کر ایک ایک لمحہ گزار رہے ہیں لوگوں کو علم ہے کہ اس روز عمران خان ایسے ایسے اعلانات کریں گے کہ پانامہ زدہ لٹیرے حکمرانوں کی نیندیں حرام ہوجائیں گی ،کل جو میدان لگے گا اسے ملک دشمن ساری عمر کبھی فراموش کرپائیں گے انہوںنے کہا کہ موجودہ حکمران جس ترقی کے دعوے کررہے ہیں وہ سب مصنوعی ہیں یہ صرف اور صرف کمیشن بنانے اور اپنی تجوریوں کو بڑھوتری دینے کی کوششیں تھیں جو عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہیں اپنے اقتدار کے آخری لمحات میں لوڈشیڈنگ وقتی طور پر ختم کرکے حکمران جو ڈرامہ بازی کر نے کی کوشش کررہے ہیں وہ کسی صورت بھی کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوگی ،فرنس آئل سے بجلی تیار کرکے دھوکے بازی کرنا حکمرانوں کو زیب نہیں دیتا ،آج بھی بجلی کا بحران ویسا ہی ہے جیسا کہ 2013ء سے قبل تھا بجلی بنانے کے وہ کارخانے جو ان نااہل حکمرانوں نے چار سال قبل لگائے وہ آج تک مکمل کیوں نہیں ہوئے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ان کے تمام منصوبے کا غذی اور فائلوں تک محدود ہیں جبکہ حقیقت سے ان کا دور دور تک بھی کوئی تعلق نہیں ہے ،یہی وہ ڈرامے بازیاں ہیں جن پر عمران خان 28اپریل کو اچھی طرح روشنی ڈالیں گے ۔