فیصل آباد (اصل میڈیا ڈیسک) فیصل آباد میں پیٹرولنگ پولیس اہلکاروں نے ناکے پر نہ رکنے والی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان اور تین افراد زخمی ہو گئے جب کہ 4 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق پیٹرولنگ پولیس کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ ڈجکوٹ کے علاقے میں پیش آیا جہاں ناکے پر موجود پولیس اہلکاروں نے ایک گاڑی کو مشکوک خیال کرتے ہوئے روکنے کی کوشش کی تو کار سواروں نے رکنے کے بجائے گاڑی بھگا دی جس پر اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک کار سوار جاں بحق جب کہ تین افراد زخمی ہو گئے ،لاش اور زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کے خلاف مقامی افراد اور ورثا نے ٹائِر جلا کر احتجاج کیا جس کے بعد فائرنگ کرنے والے پیٹرولنگ پولیس کے اہلکاروں کو حراست میں لے کرتحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعےکا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں 4 اہلکاروں کے خلاف تھانہ ڈجکوٹ میں درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈجکوٹ میں ناکے پر گاڑی نہ رکنے پر اہلکاروں نے وقاص احمد پر فائرنگ کی، وقاص احمد کی کار کا ٹائر اے ایس آئی شاہد رسول کے پاؤں پر چڑھ گیا تھا جس پر اہلکاروں نے مشتعل ہو کر بندوقیں تان لیں جب کہ وقاص نے خوفزدہ ہو کر کار دوڑا دی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق اہلکاروں نے پیچھا کر کے کار روکی اور وقاص کو نکال کر گولی مار دی۔