فیصل آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے احتجاج کی کال کے بعد فیصل آباد میں سیاسی تناؤ بڑھتا جا رہا ہے ہڑتال سے ایک روز پہلے ہی گھنٹہ گھر چوک پر کشیدگی بڑھ گئی۔
نون لیگ کے متوالوں اور اور کپتان کے دیوانوں میں نعرے بازی کا مقابلہ ہوا۔ تحریک انصاف کے کارکن بچوں سے بھی ”گو نواز گو ”کے نعرے لگواتے رہے۔
ایسے میں مسلم لیگ ن کے متوالے کہاں پیچھے رہنے والے تھے رونے کے انداز میں ”رو عمران رو ”کے نعرے لگاتے رہے۔ نعرے بازی کے مقابلے کے بعد ماحول تلخ ہو گیا۔
مسلم لیگ نون کے متوالوں نے پی ٹی آئی کارکنوں پر انڈے اور ٹماٹر پھینکے ۔ پتھراؤ کیا اور لاٹھیاں لے کر پل پڑے۔ ڈی سی او فیصل آباد کی آمد پر نون لیگ کے کارکنوں کے نعروں میں شدت آ گئی ۔ مسلم لیگ نون کے رہنما طلال چودھری کہتے ہیں کسی کو زبردستی نہیں کرنے دیں گے دوڑیں لگوا دیں گے جبکہ ترجمان تحریک انصاف شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ نون لیگ کے گلو بدمعاشی کر رہے ہیں پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
پیر کو تحریک انصاف کی جانب سے احتجاجی پروگرام کی حمایت اور مخالفت میں شہر کی مختلف سڑکوں پر دونوں جماعتوں کے بینرز لگا دیئے گئے ہیں۔ دوسری جانب تاجروں نے تحریک انصاف احتجاج کی کال کو مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ زبردستی دکانیں بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تحریک انصاف کے حامیوں کا کہنا ہے کہ حکومت ناکام ہو چکی ہے احتجاج کا حصہ ضرور بنیں گے۔ اُدھر پاور لومز مزدوروں کے دھڑے نے بھی پی ٹی آئی کے احتجاج میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔