فیصل آباد (جیوڈیسک) رضا آباد کی رہائشی خاتون نے غربت سے تنگ آکر اپنی نوزائیدہ بچی کو 40 ہزار روپے میں فروخت کر دیا۔
فیصل آباد کے علاقے رضا آباد کی رہائشی صدف بی بی نامی خاتون کے ہاں گزشتہ دنوں چوتھی بیٹی فاطمہ کی ولادت ہوئی تھی، غربت کی وجہ سے اس نے رافعہ نامی خاتون کے ہاتھوں فاطمہ کو 40 ہزار روپے میں فروخت کرکے پیشگی 20 ہزار روپے لے لئے لیکن کیا کریں اس مامتا کا اسی کے ہاتھوں مجبور ہوکر صدف بی بی نے رافعہ کو رقم واپس کرکے اپنی بیٹی واپس لے لی۔
بچی واپس لینے پررافعہ نے متعلقہ تھانے میں صدف بی بی کے خلاف اپنی بیٹی کے اغوا کا مقدمہ درج کرادیا، دوران حراست صدف بی بی کی جانب سے بتائی گئی تمام تفصیلات کے بعد پولیس نے بچی کی خرید و فروخت پر دونوں خواتین کو گرفتار کرلیا ہے۔