فیصل آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما رانا سیف خالد نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی غیر قانونی اثاثہ جات ریفرنس کیس میں بریت حق وسچ کی فتح ہے اور ان لوگوں کے منہ پر طمانچہ ہے جنہوں نے جھوٹے الزامات لگائے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں نے ثابت کر دیا ہے کہ آصف علی زرداری کے خلاف سارے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 16 سال قبل ڈکٹیٹر مشرف اور نواز شریف کے سابق ادوار میں بنائے جھوٹے مقدمات انتقامی کارروائیوں کا شاخسانہ تھے مگر پیپلز پارٹی کے قائدین نے عدالتوں کا احترام کرتے ہوئے مقدمات کا سامنا کیا اور آج تمام مقدمات سے باعزت بری ہوئے کسی ایک مقدمہ میں بھی کوئی کرپشن ثابت نہ ہوئی۔ مذکورہ رہنما نے کہا کہ نواز شریف نے اداروں سے ٹکرائو کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔ اس کے نتائج بھیانک ہونگے، ن لیگی حکومت کا مقصد آئینی وقانونی اداروں پر دبائو ڈال کر اپنے مفاد میں فیصلے کروانا ہے جو کسی صورت بھی ممکن نہیں ہو گا۔ پیپلز پارٹی آئین سے آرٹیکل 62 اور 63 نکالنے نہیں دے گی۔
فیصل آباد ( ) مسلم لیگ ن کے رہنما اور میونسپل کارپوریشن میں اپوزیشن لیڈر چوہدری شیر از کاہلوں نے کہا ہے کہ ہم نے عوامی حقوق کے تحفظ کا حلف اٹھا رکھا ہے جب تک جان میں جاں ہے اپنے مشن پر کار بند رہیں گے ،کسی کو من مانی نہیں کرنے دیںگے ،جس طرح میونسپل کارپوریشن کے ایوان کو چلایا جارہاہے اس طرح تو آمروں نے بھی کبھی نہیں کیا تھا ،ہم عوامی نمائندے ہیں اور عوام نے ہمیں بڑا سوچ سمجھ کر ایوان میںبھیجا ہے لہذا ہم ان کے اعتماد کو کسی صورت بھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے ،انہوںنے کہا کہ آج تک جب سے موجودہ ایوان معرض وجود میں آیا ہے سٹی مئیر اور دیگر ذمہ داران کی موجودگی میں کوئی ایک کام بھی قانون کے دائر ے میں رہ کر نہیں کیا گیا ،ایجنڈے کے بغیر اجلاس بلانا کس قانون میں لکھا ہے پھر ایجنڈے کی کاپیاں فراہم نہ کرنا یہ کونسا قانون ہے ؟ہم نے پہلے دن ہی کہہ دیا تھا کہ شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے اگر اقتدار پر قابض گروپ کوئی اچھا اقدام یا فیصلہ کرے گا تو ہم ان کی غیر مشروط حمایت کریں گے ،تاہم ان لوگوں نے آج تک کوئی اچھا اقدام تو دور کی بات کوئی اچھا کام بھی نہیں کیا ،قابض گروپ تاحال عوام کی امیدوں پر پور ا نہیں اتر سکا ،وہ افسران جو اہلیت نہیں رکھتے ان کے ذریعے ایوان چلانے کی کوشش کرکے عوام کے منتخب نمائندوں کے مینڈیٹ کی توہین کی جارہی ہے جسکی ہم مذمت کرتے ہیں ،شیراز کاہلوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد ہمارا شہر ہے اور اس کے چپہ چپہ کو مسائل فری بنانا ہماری اولین ذمہ داری ہے جس سے ہم منہ نہیں موڑ سکتے ،ایک مرتبہ پھرواضح کرتے ہیں کہ شہر اور شہر یوں کے مفادات کو ٹھیس پہنچانے والے کسی اقدام کی حمایت نہیں کریں گے اس کیلئے ہمیں چاہے کوئی بھی قیمت کیوں نہ ادا کرنا پڑے ضرور کریں گے ۔
فیصل آباد( ) انجمن تاجران فیصل آباد ( فیڈریشن ) کے صدر رانا تجمل وحید ،جنرل سیکرٹری شاہد احمد وہرہ ،سینئر نائب صدر محمد اشرف چوہدری ودیگر عہدیداران میاں ریاض جاوید ،چوہدری عبدالغفور ،میاں سہیل رفیع ،حاجی ظہیر الدین ،چوہدری اقبال وزیر اورحاجی اعجاز حسن نے کہا ہے کہ گزشتہ سوا چار سال سے ملک کاوزیر خارجہ نہ ہونے کا نقصان ہمیں آج اٹھانا پڑا ہے کیونکہ ملک کی کوئی خارجہ پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے امریکی صدر کو پاکستان پر الزامات لگانے اور دھمکیاں دینے کی جرات ہوئی ،اگر 2013ء میں اقتدار سنبھالنے کے بعد ن لیگی حکومت فوری وزیر خارجہ تعینات کر دیتے تو آج ملک وقوم کو یہ دن دیکھنا نہ پڑتے،انہوںنے کہا کہ افغان مہاجرین جو کہ لاکھوں کی تعداد میں پاکستان کے اندر موجود اور مختلف حصوں میں پھیلے ہوئے ہیں یہ ملک کو شدید ترین نقصان پہنچا رہے ہیں ،دہشت گردی ملک میں یہی لوگ ملوث ہیں ہم دو دہائیوں سے یہ مطالبہ کرتے چلے آرہے ہیں کہ ان مہاجرین کو واپس بھجوایا جائے تاکہ ہم اپنے وسائل اپنے بچوں پر استعمال کرسکیں مگر کسی حکومت نے یہ بات نہ مانی آج انہی مہاجرین کی وجہ سے افغان صدر اور ٹرمپ پاکستان کو آنکھیں دکھا رہے ہیں ،انہوںنے کہا کہ امریکہ کی خواہش ہے کہ وہ بھارت کو خطے کا تھانیدار بنادے اگر اس کی یہ خواہش پوری ہوگی تو پھر ایسی عالمی جنگ شروع ہوگی جو اربوں انسانوں کو چند روز میں ہڑپ کر لے گی موقع آگیا ہے کہ پاکستان اب امریکہ اور اس کے حواریوں کو خیر باد کہہ کر روس ،چین ،ترکی ،سعودی عرب وغیرہ کیساتھ ملکر ایک نیا پلیٹ فارم تشکیل دے تاکہ ہم اپنے ملک کو امریکی و بھارتی جارحیت سے محفوظ بناسکیں ۔
فیصل آباد ( ) پاکستان تحریک انصاف سٹی کے سینئر نائب صدر راناجاوید اشرف نے کہا ہے کہ پاناما کیس کا جس طرح فیصلہ آیا ہے اسی طرح شریف خاندان کی نظر ثانی کی اپیلوں کا فیصلہ آئے گا کیونکہ سوا سال تک یہ بدقسمت خاندان پہلے سپریم کورٹ اور بعد میں جے آئی ٹی کو کوئی ثبوت فراہم کر سکا نہ اپنی بے گناہی کی دستاویزات آخر میں 5رکنی بینچ نے ان کو پھر موقع دیا مگر یہ صرف آئیں ،بائیں ،شائیں ہی کرسکے جس پر عدالت نے تاریخی فیصلہ سنا دیا ،انہوںنے کہا کہ شہباز شریف اپنے بڑے بھائی اور نااہل شخص کو وزیر اعظم کے مساوی پروٹوکول دیکر عدالتی فیصلے کی دھجیاں اڑا رہے ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ شاہی خاندان کسی عدالت کو مانتا ہے نہ آئین و قانون کو ،اصولی طور پر مسلم لیگ ن اس نام کے ساتھ الیکشن نہیں لڑسکتی کیونکہ ن کا مطلب نواز شریف ہے اور نواز شریف کو باضابطہ طور پر نااہل قرار دیا جاچکا ہے اس لئے الیکشن کمیشن کسی طرف سے درخواست کرنے سے قبل خود ہی انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے معاملے کا نوٹس لیکر ن لیگ کی رجسٹریشن منسوخ کرے تاکہ یہ لوگ کسی اور نام سے اپنی رجسٹریشن کروائیں ،رانا جاوید اشرف نے مزید کہا کہ این اے 120میں تحریک انصاف کی الیکشن مہم اپنے عروج پر ہے ،چیئر مین عمران خان بھی لاہور پہنچ چکے ہیں اور وہ کمپیین کی خود نگرانی کررہے ہیں ،امیدہے یاسمین راشد ایک نااہل انسان کی بیوی کو ناکوں چنے چبوائیں گی اور انہیں ایسی شکست دیں گی کہ تاریخ کے ہرورق پر یہ بات تحریر ہوگی کہ نااہلوں کا انجام کیسا ہوتا ہے
فیصل آباد ( ) مسلم لیگ ن کارپوریشن کے جنرل سیکرٹری شاہد محمود بیگ اور جوائنٹ سیکرٹری محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ شریف خاندان کی جانب سے دائر کردہ پاناما کیس کے فیصلے کیخلاف اپیلوں پر جلد فیصلہ ہوگا جس میں عدالت میاں نواز شریف کو تمام الزامات سے بری قرار دے کر اس نام نہاد کیس کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے بند کرد ے گی جس کے بعد ہمارے قائد چوتھی مرتبہ وزیراعظم بن کر ایک نئے جوش اور جذبے کیساتھ اقتدار میں آئیں گے اورعوام کی خدمت کا سلسلہ پھر وہیں سے شروع کریں گے جہاں سے عدالتی فیصلہ آنے کے بعد ٹوٹا تھا ،انہوںنے کہا کہ کس کو نہیں معلوم کہ 2013ء سے قبل پاکستان میں چارسو اندھیروں کا راج تھا ہر روز دھماکے ہوتے تھے بے گناہ انسانی جانیں ضائع ہوتی تھیں لوگ گھروں میں محفوظ تھے نہ گھر کے باہر تاہم میاں نوازشریف نے یہ تمام مسائل حل کر کے اپنی اہلیت ثابت کی تو پھر نااہلی کس بات کی ؟کیا اندھیرے ختم کرنے کی یا دہشتگردی مکانے کی ؟انہوں نے کہا کہ عدالتیں فیصلے دیتی رہتی ہیں مگر لازم نہیں کہ ہر فیصلہ ثبوتوں کی روشنی میں دیا گیا ہو ،دنیا بھر کی لاتعداد عدالتوں نے اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کی ہے ،ہمیںامید ہے کہ ہمارے قائد کی اپیل پر بھی سپریم کورٹ 5رکنی بنچ کا فیصلہ کالعدم قراردیکر حق و انصاف کا بول بولا کرے گی لیگی رہنمائوں نے مزید کہا کہ اس بات سے انکار ممکن نہیں کہ قائد اعظم کے بعد اس ملک کو اگرکوئی حقیقی لیڈر ملاتو اس کا نام محمد نوازشریف ہے جس نے قائد کے بعد اسے قائد کا پاکستان بنانے کی جدوجہد کی اور کامیاب ٹھہرے، سازشیں تو ہر دور میں ہوئی ہیں مگراس بارے سازش یہودی لابی کی تھی جس کی کامیابی پر پوری قوم کو افسوس ہے ۔
فیصل آباد ( ) انجمن تاجران منٹگمری بازار کے صدر حافظ طاہر جمیل میاں نے اعلان کیا ہے کہ عیدالاضحی کے پرمسرت موقع پر منٹگمری بازار سے ملحقہ تمام گلیاں 2، 3، 4ستمبر بروز ہفتہ، اتوار اور سوموار بند رہیں گی۔ ان چھٹیوں کا مقصد صرف یہ ہے کہ جو ملازم پیسہ لوگ شہر سے باہر یا دوسرے شہروں سے آتے ہیں وہ اپنے اہل خانہ کیساتھ جا کر عید منا سکیں۔ فیصل آباد میں جمعتہ المبارک کے روز ہفتہ وار چھٹی ہوتی ہے اس طرح ملازمین کو اس کا بھی بھرپور فائدہ ہو گا۔ عید کی چھٹیوں کے بعد انشاء اﷲ تبارک وتعالیٰ 5ستمبر بروز منگل کو منٹگمری بازار اور اس کی ملحقہ گلیوں میں کاروبار شروع ہو گا۔