فیصل آباد کی خبریں 3/5/2017

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) مسلم لیگ ن کارپوریشن کے جنرل سیکرٹری شاہد محمود بیگ اور جوائنٹ سیکرٹری محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا یہ کہنا کہ شیر کو دیکھ کر گیڈر بھاگ جاتے ہیں بالکل درست ہے کیونکہ شیر ،شیر ہوتا ہے، میاں نواز شریف پاکستان کے حقیقی شیر ہیں اور جب تک وہ میدان میں کھڑے ہیں گیڈر اسی طرح آتے دم ہلاتے اور بھاگتے رہیں گے مگر ان کو میدان خالی نہیں ملے گا ،انہوںنے کہاکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان میں اس قدر ترقی ہورہی ہے اس سے قبل اس ملک کو توٹا تو گیا مگر کسی نے ترقیاتی کام نہیں کروائے ،جو لوگ میاں نواز شریف پر آج کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں خود ان کے ہاتھ کرپشن سے آلودہ ہیں ،ان کے ارد گرد کھڑے تمام لوگ قبضہ مافیا اور قرضے معاف کرانے والے ہیں اور ان لوگوں نے قومی خزانے کو نقب لگا کر اسے بری طرح نقصان پہنچایا ،انہوںنے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ چور ہی کہتا ہے چور چور اور جو چور نہیں وہ اپنی عزت بچاتا پھرتا ہے ،عمران خان جنہوںنے الزامات لگانے اور جھوٹ بولنے میں پی ایچ ڈی کررکھی ہے وہ عوامی اجتماعات میں جس کی چاہتے ہیں پگڑی اچھال دیتے ہیں مگر اب شیر کھل کر میدان میں آگیا ہے اور تمام گیڈر اب دم دبا کر بھاگئیں گے کیونکہ اب ملک کی تقدیر بدلنے والی ہے وہ دن دور نہیں جب پاکستان ایشیاء کا حقیقی ٹائیگر بنے گا جس کے بعد عمران خان ،شیخ رشید اور ان جیسے دیگر صرف تنقید کرتے اور الزامات لگاتے رہ جائیں گے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فیصل آباد ( سٹی رپورٹر) انجمن تاجران سٹی الائیڈ گروپ کے صدر پرویز اقبال کموکا ،جنرل سیکرٹری میاں تنویر ریاض ،چیئرمین ظفر اقبال سندھو ،سینئر وائس چیئر مین طارق محمود قادری ودیگر عہدیداران رانا خالد محمود ،حاجی شکیل احمد ،مرزا دائود ابراہیم ،شیخ زاہد سعید ،خالد محمود قاسمی ،میاں عابد ،شکیل عابد بھٹی ،چوہدری غلام سرور اور عرفان منج نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو دوام بخشنے کیلئے حکومت کو مہنگائی کے آگے بند باندھنا ہوگا ،حکومت تو یہ کہتے نہیں تھکتی کہ ہم نے مہنگائی کی کمر توڑ دی ہے جبکہ حقائق اس کے باکل برعکس ہیں ،آج کسی بھی قسم کا فروٹ عام آدمی کی پہنچ میں نہیں ہے ،سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان پر ہیں ،زرعی ادویات روزانہ کی بنیاد پرمہنگی ہورہی ہیں جس کے نتیجے میں زراعت تنزلی کا شکار ہورہی ہے ،جان بچانے والی ادویات ناپید ہوچکی ہیں انہوںنے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سرکاری ہسپتالوں پر مار ے جانیوالے چھاپے بھی بے سود ثابت ہورہے ہیں سرکاری ہسپتالوں میں عوام تڑپ رہے ہیں مگر انہیں مفت ادویات نہیں مل رہیں اس لئے حکومت ان معاملات کی جانب بھرپور توجہ دے تاکہ عوام کو معلوم ہوسکے کہ عوامی حکومت ان کیلئے کوئی کام کررہی ہے ،صرف نعروں اور دعوئوں سے کارکردگی کوبہتر نہیں بنایا جاسکتا ،اگر صوبائی حکومت سرکاری ہسپتالوں کو مانیٹرنگ کیلئے تاجروں کی خدمات حاصل کرے تووہ شاندار رزلٹ دے سکتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فیصل آبا د ( سٹی رپورٹر) انجمن تاجران فیصل آباد ( فیڈریشن ) کے صدر رانا تجمل وحید ،جنرل سیکرٹری شاہد احمد وہرہ ،سینئر نائب صدر محمد اشرف چوہدری ودیگر عہدیدران میاں ریاض جاوید ،چوہدری اکرم ،میاں سہیل رفیع ،چوہدری عبدالغفور ،حاجی ظہیر الدین ،چوہدری اقبال وزیر اور حاجی اعجاز حسن نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمت ایک مرتبہ پھرکمی کے بعد 48ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی ہے مگر حکومت نے اس کا ریلیف عوام کو نہ دے کر زیادتی کی ہے اس سے بڑھ کر اور کیا زیادتی ہوگی کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار فرماتے ہیں کہ سابقہ قیمتیں برقرار رکھ کر حکومت عوام کو ساڑھے 25ارب روپے سبسڈی دیگی ،انہوںنے کہا کہ 48ڈالر فی بیرل کے حساب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت پاکستانی کرنسی میں 41روپے فی لیٹر سے زیادہ نہیں بنتی تو حکمران کس حساب سے سبسڈی دے رہے ہیں، اگر بنگلہ دیش اور بھارت جیسے ممالک قیمتیں کم کر سکتے ہیں تو پاکستان کیا پرابلم ہے ،اب جبکہ رمضا ن المبارک کی آمد آمد ہے اگر حکمران قیمتیں زیادہ نہیں صرف 5روپے لیٹر تک کم کردیتے تو عوام کو اس کا ریلیف بھی ملنا تھا اور مہنگائی کم کرنے میں بھی زبردست مدد حاصل ہوتی ،تاجر رہنمائوں نے مزیدکہا کہ وطن عزیز میں صرف سیاست ،سیاست کا کھیل کھیلا جارہاہے مگر عوام کی تنگدستی یا غربت دور کر نے کیلئے کوئی کام نہیں ہو رہالہذا حکمران آئندہ انتخابات کو ذہن میں رکھ کر فیصلے کریںوہ نہ ہو کہ حکمرانوں کو لینے کے دینے ہی پڑ جائیں۔