فیصل آباد انڈسٹریل پارک منصوبے سے روز گا ر کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے: شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے تیز رفتاری سے میگا پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے، توانائی کے منصوبوں کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کیا جا رہاہے، شفافیت،اعلیٰ معیار اور تیزرفتاری ہمارے تمام منصوبوں کے بنیادی ستون ہیں، فیصل آباد میں رویائی مسعود ٹیکسٹائل انڈسٹریل پارک کا سنگ بنیاد 28 مئی کو رکھا جا رہا ہے، چین کے تعاون سے ساہیوال میں 660 میگا واٹ کے کوئلے سے چلنے والے 2 پاور پلانٹس کے منصوبے کا سنگ بنیاد 30 مئی کو رکھا جائے گا، اسی طرح نندی پور پاورپراجیکٹ کا افتتاح 31 مئی کو کیا جائے گا جس سے پہلے مرحلے میں 100 میگا واٹ بجلی حاصل ہو گی۔وہ گزشتہ روز اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

شہباز شریف نے کہا فیصل آبا د میں چین کے معروف گروپ رویائی کے تعاون سے سٹیٹ آف دی آرٹ انڈسٹریل پارک کے قیام کا منصوبہ ٹیکسٹائل اور گارمنٹس سیکٹر کی پائیدار ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس منصوبے کی تکمیل سے روز گار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو سکے گا، چین کا گروپ انڈسٹریل پار ک میں 150 میگا واٹ کے کوئلے سے چلنے والے 2 پاو ر پلانٹس بھی لگائے گا، ایک ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر بننے والے رویائی مسعود انڈسٹریل پارک کے منصوبے میں چین کا گروپ اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں توانائی بحران کے حل کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں توانائی پراجیکٹس کی جلد تکمیل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے نند ی پور پاور پراجیکٹ کو 7 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے پر پراجیکٹ ڈائریکٹر کیپٹن (ر)محمود، چین کی کمپنی کے انجینئرز اور عملے کے علاوہ پاکستانی ٹیم کی بھی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قلیل مدت میں منصوبے کو مکمل کرنا بہت بڑی کامیابی ہے جس پر میں پراجیکٹ کی ساری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعلیٰ نے بہاولپور میں 8 سالہ بچی سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے خضدار میں فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔