فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں تحریک انصاف کے رہنما رانا مبشر پر زیادتی کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ رانا مبشر نے ویڈیو اور تصاویر بنائيں۔
ایک سال تک بلیک میل کرتے رہے، رانا مبشر کہتے ہیں الزامات بے بنیاد ہیں، لڑکی اور اس کا باپ بلیک میل کررہے ہیں۔فیصل آباد کے تھانا جھنگ بازار میں متاثرہ لڑکی کی درخواست پر تحریک انصاف ہیومن رائٹس کمیشن کے ضلعی صدر رانا مبشر کے خلاف زیادتی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
متاثرہ لڑکی کا الزام ہے کہ وہ جس بینک میں ملازمت کرتی تھی وہاں رانامبشر کا اکاؤنٹ ہیں، بینکنگ معاملات کے سلسلے میں رانامبشر نے اسے اپنے گھر بلایا اور نشہ آور جوس پلا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔لڑکی نے بتایا کہ رانا مبشر نے زیادتی کی ویڈیو اور تصاویر بھی بنائیں جن کے ذریعے وہ ایک سال سے اسے بلیک میل کر رہا ہے۔
متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ بلیک میلنگ کی وجہ سے اس نے بینک کی نوکری چھوڑدی ہے، رانامبشر پورے خاندان کو رسوا کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے،لڑکی نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی کہ اس مدد کی جائے۔
دوسری جانب رانامبشر نے جیونیوز سے ٹیلی فونک گفتگو میں اپنا مؤقف دیتے ہوئے لڑکی کے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ان کا کہنا ہے کہ معاملہ مالی لین دین کا ہے،لڑکی اور اس کا باپ انہیں بلیک میل کر رہے ہیں۔