فیصل آباد جلسے میں بدنظمی کی ذمے دار عوامی تحریک ہوگی، انتظامیہ کو یقین دہانی

Awami Tehreek

Awami Tehreek

فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں آج ہونے والے پاکستان عوامی تحریک کے جلسے کی تیاریاں جاری ہیں۔ دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں 18 ہزار کرسیوں کی گنجائش ہے لیکن عوامی تحریک کی جانب سے 25 ہزار کرسیاں لگائے جانے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔

پاکستان عوامی تحریک آج فیصل آباد کے دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں جلسہ کرے گی۔ جلسے سے پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری ، مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الہیٰ اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔ دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں داخلے کے لیے تین دروازے ہیں اور جلسے کے لیے تینوں دروازے کھلے رکھے جائیں گے۔

جلسہ گاہ میں پہلے سے پختہ اسٹیج قائم ہے۔ یہاں 18 ہزار کرسیوں کی گنجائش ہے لیکن پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے 25 ہزار کرسیاں لگائے جانے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ جلسہ گاہ اور اسٹیج کی حفاظت کی ذمے داری جلسے کے منتظمین کے سپرد کی گئی ہے۔

جہاں عوامی تحریک کے 2 ہزار کارکن سیکیورٹی کی فرائض انجام دیں گے اور انھیں پولیس اہل کاروں کی مدد بھی حاصل ہوگی۔ جلسہ گاہ کی حفاظت کے لیے 1350 پولیس اہل کاروں کو تعینات کیا جائے گا اور جلسہ گاہ کے اطراف ایک کلو میٹر تک پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔

عوامی تحریک نے فیصل آباد انتظامیہ کو بیس نکات پر مشتمل تحریری یقین دہانی کرادی ہے۔ ان نکات کے مطابق عوامی تحریک کی جانب سے وعدہ کیا گیا ہے کہ جلسے کے دوران کسی قسم کی بدنظمی کی صورت میں انتظامیہ ذمے دار نہیں ہوگی۔