فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد کے علاقے سمن آباد میں صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کی رہائش گاہ کے قریب سے 7 دہشتگرد گرفتار کر لیے گئے۔ ان میں 2 مقامی جبکہ باقی خیبرپختونخوا سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ شجاع خانزادہ کی سیکیورٹی پر مامور 12 پولیس کمانڈوز کو ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر معطل کردیا گیا۔
یہ لوگ رانا ثناء اللہ کی موجودہ رہائشگاہ سے صرف 4گھر چھوڑ کرجبکہ آبائی گھر کے بالکل سامنے ٹھہرے ہوئے تھے۔وہ صرف رات کو نکلتے تھے جبکہ دن کے وقت اپنے رہائشگاہ تک محدود رہتے تھے۔ لوگوں نے ان کی مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع سی ٹی ڈی کو دی جو 3 دن ان کی نگرانی کرتی رہی۔
2 روز قبل انھیں رات گئے چھاپہ مارکرگرفتار کیا گیا توان سے دھماکا خیز مواد برآمد ہو گیا۔ گرفتار مقامی افراد میں شعیب چیمہ سکنہ چک نمبر226 کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے ہے اور اس کانام فورتھ شیڈول کی لسٹ میں بھی شامل ہے۔
اس کی نگرانی حساس ادارے اور اسپیشل برانچ کی ٹیمیں بھی کررہی تھیں۔ دوسرے گرفتار شخص کا نام طارق ہے جو مکوآنہ کا رہائشی ہے۔ باقی گرفتار افراد کے نام صیغہ راز میں رکھے جا رہے ہیں اور ذرائع کے مطابق ان میں کچھ کو تفتیش کیلیے لاہور منتقل کردیا گیا ہے جبکہ کچھ سے فیصل آباد میں ہی پوچھ گچھ جاری ہے۔