فیصل آباد (محمد سعید) سنی اتحاد کونسل کے ڈویژنل صدر میاں فہیم اختر نے کہا ہے کہ شریف برادران جوکل تک اپنے وزراء کو ملاقات کا ٹائم نہیں دیتے تھے آج اپنے اقتدار کی گرتی ہوئی دیوارکو دیکھ کر تانگہ پارٹی کے راہنمائوں کے پائوں میں بیٹھنے کے لیے تیار ہے طاہر القادری کے انقلابی لائحہ عمل کی عوامی پذیرائی کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔
انقلاب مارچ تاریخ کے دھاڑوں کا رخ موڑ دے گا ملک کے عوام سبز انقلاب کے لیے بیدار ہو چکے ہیں اب حکومت کا بوریا بستر گول ہوکر رہے گا ۔سنی اتحاد کونسل کے کارکنان اپنے قائد صاحبزادہ حامد رضا کی قیادت میں سروں پر کفن باندھ کر عوام کے حقوق کے تحفظ اور نظام مصطفی کے عملی نفاذ کے لیے میدان میں اتر چکے ہیں اب فیصلہ کن معرکہ حق اور باطل کے مابین ہے فتح انشاء اللہ حق کی ہو گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب سے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے چیف آرگنائز حاجی حفیظ احمد جماعت اہلسنت تحصیل کے صدر مولانا شرافت علی قادری، رشد ایمان فائونڈیشن کے چیئر میں مولانا حامد سرفراز، میاں محمد آصف بھی موجود تھے میاں فہیم اختر نے مزید کہا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت ہوتی تو سانحہ لاہور پر وزیر اعلی پنجاب فوری مستعفٰی ہو جاتے۔
قاتل حکمران نمونہ عبرت بننے والے ہیں۔عوامی طاقت سے متکبر حکمرانوں کو جھکنے پر مجبور کردیں گے۔ مسلم لیگ ن بے رحمانہ لوٹ مار کو جمہوریت کے فیوض و برکات سمجھتی ہے۔انقلاب کا سو رج چمکے گا تواسکی روشنی ہر کچے گھر تک پہنچے گی۔ملک کو بے رحم اور مفاد پرست حکمرانوں کے شکنجے سے آزاد کروائیں گے اور نظام اور امام بدل کر دم لیں گے۔ انقلاب کے فیصلہ کن معرکہ میں شکست حکمرانوں کا مقدر بنے گی جبکہ عوام سر خرو اور فاتح ہونگے۔
بنجر اور بانجھ جمہوریت کو ختم کرکے قوم کو حقیقی جمہوریت کا تحفہ دیں گیہر القادری کی اذانِ انقلاب پر پوری قوم لبیک کہے گی۔سپاہِ انقلاب کا راستہ روکنا حکمرانوں کے بس میں نہیں۔ حکمران طاقت کا استعمال کر کے اپنے پائوں پر کلہاڑا ماررہے ہیں ۔عوامی انقلاب ملک و قوم کیلئے باعث رحمت و برکت ہو گا۔ ”ابھی نہیں توکبھی نہیں” کا جذبہ لے کر کشتیاں جلا کر میدان میں اترے ہیں۔ ہم ریاست اور حکمران سیاست بچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔حکمران انقلاب کے متوالیوں کے جوش و جذبہ سے خوفزدہ ہیں۔ انقلاب آنے پاکستان اشرافیہ کا نہیں پاکستانیوں کا ہو جائے گا۔