فیصل آباد: کالعدم تحریک طالبان کے 5 دہشتگرد گرفتار، اسلحہ برآمد

Taliban Terrorist Arrested

Taliban Terrorist Arrested

فیصل آباد (جیوڈیسک) پولیس نے محرم الحرام کے دوران دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔ ملزموں کے قبضے سے بھاری اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

پولیس لائن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سی پی او ڈاکٹر حیدر اشرف نے بتایا کہ تھانہ غلام محمد آباد کی حدود سے پانچ دہشت گردوں، عثمان، علی اعظم، مبشر ندیم، محمد عثمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم محرم الحرام کے دوران دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور جلوسوں، مجالس اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کے ساتھ حساس اداروں کے افسران کو اغواء کرنا چاہتے تھے۔

پولیس کے مطابق پکڑے گئے پانچوں دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے۔ ان کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ، پسٹلز، کرنٹ لگانے والی ٹارچ، بے ہوش کرنے والے انجکشن، کلاشنکوف، موبائل فونز اور گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ پکڑے جانے والے پانچوں ملزم چوری ڈکیتی اور مختلف وارداتوں میں بھِی ملوث ہیں۔ ملزموں نے اہم شخصیات اور ان کے بچوں کو تاوان کیلئے اغواء کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔