فیصل آباد : انجمن تاجران فیصل آباد (فیڈریشن) کے صدر رانا تجمل وحید نے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ کیساتھ حکمرانوں نے وہ سرد مہری اختیار نہیں کی جس کی قوم توقع کررہی تھی ،حکمران امریکی ڈومور کے مقابلے میں نومور صرف میڈیا تک محدود رکھتے ہیں ان کو یہ بات امریکی عہدیدار ان کے منہ پر کرنی چاہیے تاکہ انہیں معلوم ہوسکے کہ ان کا کس غیرت مند قوم سے پالا پڑا ہے ،انہوںنے کہا کہ ٹلر سن کا پاکستان آنے سے قبل بیان کچھ اور تھا پاکستان آنے کے بعد کچھ اور جبکہ بھارت پہنچ کر کچھ اور ہوگیا تھا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ لوگ صرف منافق ہیں اور ان کا کوئی کردار نہیں’ انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے جس قدر قربانیاں دیں وہ کسی اور ملک نے نہیں دیں ،75ہزار سے زائد فوجی افسر ان ،جوا ن اور شہری شہید ہوئے،یہ جنگ صرف امریکہ کی تھی جس میں کو د کر پرویز مشرف نے دہشتگردی کو خود آواز دیکر بلایا ،ملک کا مہمان بنایا مگر یہ نحوست یہاں مالک بن بیٹھی ،ضرورت اس امرکی ہے کہ پاکستان اس معاملے میں کسی بھی قسم کی کوئی لچک نہ دکھائے اور امریکی ڈومور کو اس کے منہ پر دے مارے ،ہم ایٹمی قوت ہیں ہمیں کسی سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہم زندہ اور غیرت مند قوم ہیں صرف حکمران اپنے کشکول کا سائز چھوٹا کر لیں تو پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی ۔
فیصل آباد ( )پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر چوہدری علی اختر خاں کی زیر صدارت تحریک انصاف یوتھ ونگ مکوآنہ کے عہدیداران کا رکنان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،اس موقع پر دیگر عہدیدران بھی موجود تھے ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری علی اختر نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں نوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہوگا یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف یوتھ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ،نہ صرف یوتھ ونگ بلکہ مدر تنظیم میں بھی نوجوانوں کو کلیدی عہدے دئیے گئے ہیں تاکہ یہ لوگ آگے آئیں کیونکہ آنیوالا دور نوجوان نسل کا ہے اور انہی نے آئندہ بھاگ ڈور سنبھالنی ہے ،انہوںنے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف آج ملک بھر کے تمام طبقات کی نمائندہ جماعت بن چکی ہے تمام مکتبہ فکر کے لوگ تیز ی کے ساتھ تحریک کا حصہ بن رہے ہیں آئندہ عام انتخابات میں ہم پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور چوروں وڈکیتوں کاکھلے میدان میں مقابلہ کریں گے ،انہوںنے مزید کہاکہ عمران خان کاویژن بالکل واضح ہے وہ صاف الفاظ میں کہتے ہیں کہ ہم نے کبھی لوٹا ہے نہ کسی کو لوٹنے دیں گے ،کرپشن کے خلاف ان کی 20سالہ جدوجہد رنگ لائی ہے اور الحمداللہ ملک کے سب سے طاقتور ترین خاندان کو دھول چٹا دی ہے ،اب ان کی باری ہے جو بار یاں لیکر لوٹنے میں مگن رہے مگر ان پر کسی نے ہاتھ نہیں ڈالا تاہم اب وہ بھی محفوظ نہیں رہیں گے اس موقع پر نہ صرف تحریک انصاف مدر تنظیم بلکہ یوتھ ونگ کی تنظیم سازی کے معاملات بھی زیر غور آئے ۔
فیصل آباد ( )مسلم لیگ ن کارپوریشن کے جنرل سیکرٹری شاہد محمو دبیگ اور جوائنٹ سیکرٹری محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ فیصلوں کو تسلیم نہ کر نے کی بیماری صرف عمران خان کو لاحق ہے اور اداروں پر تنقید کر نے کا کھیل بھی وہی کھیلتے ہیں ،الیکشن کمیشن کی جانب سے آنیوالے فیصلے تنقید کرکے وہ خود پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں ،یہ کیسی پالیسی ہے کہ فیصلہ حق میں آجائے تو جے جے کا ر اور مخالف آجائے تو تھو تھو ؟انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن میں 5ممبران بمعہ چیف الیکشن کمشنر ہوتے ہیں اور فیصلہ اکثریت کی بنیاد پر ہوتا ہے ،2ممبران نے عائشہ گلالئی کو ڈی سیٹ کرنے کا فیصلہ دیا تو باقی تین نے مخالفت کی جس پر یہ فیصلہ 2-3کی اکثریت سے عائشہ گلالئی کے حق میں لیا گیا اس کو غیر آئینی قراردینا دراصل ایک مقدس ادارے پر براہ راست کیچڑ اچھالنے کے مترادف ہے ،انہوںنے کہا کہ ابھی تو یہ پہلا قطرہ ہے بہت جلد تحریک انصاف نے مزید کئی ارکان عمران خان آمریت کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے استعفے دیں گے ہوسکتا ہے یہ استعفے احتجاجی ہو ں جس کے بعد ن لیگ کو دیوار سے لگانے کی خواہش رکھنے والے عمران خان اور سیاسی مسخرے کو خود اپنی سیاسی موت نظر آجائے گی ،الیکشن کمیشن کا حالیہ فیصلہ دراصل عمران خان کیلئے ابتدائی وارننگ ہے ابھی مزید کئی فیصلے سامنے آئیں گے پھر ن لیگ کے خلاف آنیوالے فیصلوں پر لڑیاں ڈالنے والوں کی سٹی گم ہوجائے گی ۔