فیصل آباد کی خبریں 2/4/2017

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد: انجمن تاجران منٹگمری بازار کے صدر حافظ طاہر جمیل میاں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی خلاف جنگ اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اس لیے یہ بزدل دشمن بھاگتے ہوئے بھی وار کرنے سے باز نہیں آ رہے، گزشتہ روز انہی بزدلوں نے پاراچنار میں نہتے اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنایا اور دودرجن کے قریب افراد کو موت کے گھاٹ اتارا تاہم یہ دہشت گرد یاد رکھیں کہ مرنے والوں نے تو جام شہادت نوش فرمایا ہے مگر تمہارا کیا بنے گا انشا ء اللہ ان کی موت اس قدر خوفناک اوربھیانک ہوگی کہ لوگ ان کی موت کا منظر دیکھ کر توبہ توبہ کر اٹھیں گے ، انہوں نے کہا کہ مرنے والوں میں خواتین اوربچے بھی شامل ہیں جبکہ ان سب کا تعلق اہل تشیع سے تھا اصل میں اس قسم کی حرکات کرکے یہ شعیہ سنی فسادات کو ہوا دینا چاہتے ہیں مگران کو معلوم نہیں کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مسلمان یکجا ہیں اور وہ کسی بھی قیمت پر دشمنوں کے وار کو فرقہ واریت کی جانب نہیں جانے دیںگے، پارا چنار میں لاشیں اٹھانے والے بھی خراج تحسین کے حقدار ہیں کہ جنہوں نے چند گھنٹے احتجاج کے بعد لاشیں اٹھا کر آنے جانے والوں کے لیے راستے کھول دیئے۔ حافظ طاہر جمیل نے مزید کہا کہ حکومت اور افواج پاکستان جس طرح دہشت گردوں کے خلاف صف آراء ہیں اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب ان بھاگنے والے بزدلوں کی بھی خیر نہیں جلد پاکستان ان ناسوروں سے پاک ہو جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

فیصل آباد ( ) پاکستان تحریک انصاف پی پی65 کے رہنما اور ریجنل نائب صدر چوہدری ظفر اقبال سندھو نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل تیسری بار اضافے کو غریب عوام کیلئے زہر قاتل قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران دو مرتبہ جبکہ یکم اپریل کو ایک مرتبہ پھر تیل کی قیمتیں بڑھا کر غریب عوام کے چولہے ٹھنڈے کر دیئے ہیں کئی روز سے یہ خبریں چل رہی تھیں کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہو رہی ہیں، پاکستانی لوگوں نے یہ امیدیں وابستہ کر لی تھیں کہ اس بار یہاں بھی قیمتیں کم ہوں گی مگردولت اور کمیشن کی ہوس میں مبتلا حکمرانوںنے عوام کو کسی قسم کا ریلیف دینے کی بجائے ان پر مہنگائی بم گرا دیا جو کہ قابل مذمت ہے، انہوں نے کہا کہ اگر عالمی مارکیٹ پرنظرڈالی جائے تو اصولی طور پر پاکستان میں پٹرول اورڈیزل کی قیمت 40 روپے لٹر سے زائد نہیں بنتی ، مگر”سمدھی” کی ہدایت پر اوگرا کئی کئی روپے زائد قیمتیں بڑھانے کی سمری بھجوا دیتا ہے جس پر حکومت حاتم طائی کی قبر پر لات مارتے ہوئے نصف قیمت بڑھاکرعوام پر احسان کر دیتی ہے مگر ہم حکومت کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں حالیہ اضافہ سراسر عوام پر بوجھ اور مہنگائی کو دعوت دینے کے مترادف ہے ، عوام حکومتی فیصلے کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں اورحکمرانوں کو بتا دیں کہ ہم ان کے کسی ظالمانہ فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے اب جبکہ حکومت کاچل چلائو ہے ایسے میں اس طرح کے فیصلے کرنا اپنے راستے میںخود کانٹے بکھیرنے کے مترادف ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

فیصل آباد( ) پاکستان پیپلزپارٹی پی پی 67 کے رہنما چوہدری نجف ضیاء وڑائچ نے کہا ہے کہ پاراچنار کی امام بارگاہ کے گیٹ پر ہونے والا کار بم دھماکہ انتہائی افسوس ناک ہے، جب بھی ملکی حالات امن کی جانب بڑھتے ہیں تو بزدل امن دشمن بدامنی پھیلانے میدان میں آجاتے ہیں، دو درجن کے قریب بے گناہ انسانوں کا یوں خون بہانا کسی مسلمانو ں کا کام نہیں ہوسکتا ، انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ انتہائی حساس ہے اور یہاں اکثر اوقات ملیشیا کے اہلکار تعینات ہوتے ہیں مگر جب یہ سانحہ پیش آیا تو یہاں صرف دو پولیس اہلکار موجود تھے اور سیکیورٹی اہلکارنہیں تھے یہ سب ایک سوالیہ نشان ہے، دیکھنا صرف یہ ہوگا کہ اس دھماکے کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے وفاق پر یا صوبائی حکومت پر ؟ انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کا بارود سے بھری کار سمیت اتنے حساس علاقے میں پہنچ جانا ہی لمحہ فکریہ ہے ، عمران خان جو کہ پختونخواہ پولیس کی تعریفوں کے ہروقت پل باندھتے رہتے ہیں کیا وہ قوم کو جواب دیں گے کہ دہشتگرد پولیس کی نظروں سے بچ کر امام بارگاہ تک کیسے پہنچ گئے، اگر دہشتگرد اسی طرح کھلے عام گل کھلاتے رہے تو عام آدمی کیسے محفوظ ہوسکتا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ وفاقی حکومت آزادانہ تحقیقات کروا کر اس سانحہ کے ذمہ داروں خصوصی طورغفلت برتنے والوں کو بے نقاب کرکے انہیں قرار واقعی سزا دے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

فیصل آباد( ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما و اپوزیشن لیڈر میونسپل کارپوریشن شیراز کاہلوں نے پاراچنار دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر امن پرکارا وار کیا ہے ہے مگر ان کے اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہوسکتے، یہ وہ لوگ ہیں جن کو نہ صرف مرنا بھول گیا ہے بلکہ ان کو اپنا انجام بھی یاد نہیں ہے مگر ہم ان کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ ان کا انجام اس قدر بھیانک ہوگا کہ موت بھی توبہ استغفار کراٹھے گی انہوں نے کہا کہ پاکستان تاقیامت قائم رہنے کے لیے معرض وجود میں آیا تھا کیونکہ اس کی بنیاد کلمہ طیبہ کے نام پر رکھی گئی تھی کچھ گمراہ قسم کے لوگ اس کلمہ کی بھی لاج نہیں رکھ رہے، حکومت اور افواج پاکستان ان کو صفحہ ہستی سے مٹانے کیلئے میدان عمل میں ہیںاور بہت جلد ان کا ناپاک وجود اس پاک دھرتی سے مٹا دیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی طرح ہم اس دھماکے کی ذمہ داری ان کی صوبائی حکومت پر نہیںڈالتے بہرحال حقائق کو جھٹلایا نہیں جاسکتا ، اگر اس علاقہ میں جہاں ایک عبادت گاہ بھی واقع تھی اگر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہوتے تو شائد اتنا بڑا نقصان نہ ہوتا تاہم مسلم لیگ (ن) سانحہ میں شہید ہونے والوں کے غم میں برابر شریک ہیں اور یہاں کے عوام کو یقین دلاتی ہے کہ دہشتگردی کے ناسور کو بہت جلد جڑوں سے کاٹ دیا جائے گا۔