لاہور : تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر قائد روحانی انقلاب صوفی مسعود احمد صدیقی نے کہاہے کہ ایمان کا تحفظ و بقا عقیدہ ختم نبوت سے منسوب ہے اور عقیدہ ختم نبوت دین اسلام کی اساس بنیاد ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ پر یوم تحفظ ختم نبوت کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار کے شرکاء خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ تحفظ ختم نبوت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
حضور نبی کریم ۖ کے منصب ختم نبوت پر صدق دل سے ایمان ہی بخشش و نجات کا باعث ہے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ پیر شبیر احمد صدیقی نے کہاکہ دین اسلام کی شرط اول یہ ہے کہ حضور نبی کریم ۖ اللہ رب العزت کے آخری نبیۖ اور رسولۖہیں اور ہر مسلمان کیلئے اس عقیدے سے بڑھ کر اور کوئی عقیدہ نہیں ہے اور ضروری کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے ہم اپنے تمام تر مسلکی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنا اہم اور کلیدی کردار ادا کریں۔
پیر سید احمد ندیم شاہ ، پیر سید عدنان اکرم ، پیر احسان الحق معصومی ، پیر مختار احمد نقشبندی ، پیر رفاقت علی نقشبندی سمیت دیگر مقررین نے بھی سمینار سے خطاب کرتے ہوئے نبی آخرالزماں حضور نبی کریم ۖ کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے عقیدہ ختم نبوت کو اجاگر کیا ان کا کہنا تھاکہ منکرین ختم نبوت کا فتنہ حضور نبی کریم ۖ کی حیات طیبہ میں شروع ہو گیا تھا لیکن حضور نبی کریم ۖ کے جانثار صحابہ اکرام نے ان کا قلع قمع کرتے ہوئے ان منکرین کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے ۔سیمینار کے اختتام پر ملکی سلامتی اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کیلئے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔