ایمان والوں کے لئے یہ دنیا امتحان گاہ ہے، عطیہ نثار

karachi

karachi

کراچی: ناظمہ صوبہ سندھ عطیہ نثار نے کہا ہے کہ اللہ نے دنیا میں دو گروہ پیدا کئے، ایک ایمان والے اور دوسرے کفار، ایمان والوں کے لئے یہ دنیا امتحان گاہ ہے، اور اس کا نتیجہ آخرت میں مومنین کو جنت کی صورت میں ملے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع وسطی کے اجتماع ارکان سے قباء آڈیٹوریم، فیڈرل بی ایریا بلاک 13 میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقامت دین کا کام ہی اصل میں اللہ کا کام ہے جو اس راہ پر چلتا ہے اللہ اس کے لئے آسانیاں پیدا کر دیتا ہے۔

ناظمہ ضلع وسطی ثمینہ قمر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ کا بڑا احسان ہے کہ اس پُرفتن دور میں اس نے ہمیں اجتماعیت سے جوڑا ہے، مسائل اور مصائب کا حل اللہ کے رسول ۖ کے طریقے یعنی حسن اخلاق میں ہے، ہمیں اپنا جائزہ لینا چاہئے کہ وقت و حالات سے ہم کتنا متاثر ہو رہے ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی زندگی قرآن و سنت کے مطابق گزاریں۔ دریں اثنا متعمدہ ضلع وسطی بشریٰ مقصود اور تمام شعبہ جات کے نگرانوں نے 2 سالہ جائزہ رپورٹ پیش کی۔ اختتام پر دہشت گردی کے خلاف مذمتی قرار داد بھی منظور کی گئی۔