دیانتدار و فرض شناس افسران سیاسی مفادات کیلئے نظر انداز کر دیئے جاتے ہیں۔ امیر سولنگی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عدالتی حکم پر سندھ میں آئی جی پولیس کی تبدیلی پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان راجونی اتحاد میں شامل ایم آر پی چیئرمین امیر پٹی ‘ خاصخیلی رہنما سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سولنگی رہنما سردار خادم حسین سولنگی ‘راجپوت رہنما عارف راجپوت ‘ ارائیں رہنما اشتیاق ارائیں ‘ مارواڑی رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ بلوچ رہنما عبدالحکیم رند ‘ میمن رہنما عدنان میمن‘ہیومن رائٹس رہنما امیر علی خواجہ اور خان آف بدھوڑہ یحییٰ خانجی تنولی اور نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاونڈیشن کے آرگنائزر وچیئرمین عمران چنگیزی نے کہا ہے کہ مفاد پرست ‘ جرائم پیشہ ‘ کرپٹ اور چاپلوس فطرت پولیس اہلکاروں کی وجہ سے قانون کی عملداری یقینی بنانے ‘ عوام کو تحفظ فراہم کرنے اور نظم و نسق قائم رکھنے کا ضامن محکمہ پولیس بری طرح بد نام ہو چکا ہے۔

حالانکہ اس محکمہ میں بھی دیانتدار ‘ با صلاحیت ‘ قابل اور فرض شناس افسران موجود ہیں مگرحکمرانوں نے ہمیشہ انہیں ہر سطح پر مکمل نظر انداز کیا ہے جس کی وجہ سے ”پرچی “افسران نے شاہ کے وفادار کا کردار ادا کرکے ہمیشہ عوام وقوم کو نقصان پہنچایا ہے مگر نئے آئی جی سندھ ADخواجہ سے ہمیں توقع ہے کہ وہ روایت شکنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی و عوامی مفادات اور اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریوں کی ادائیگی کو اولیت و فوقیت اور ترجیح دیتے ہوئے صوبے سے دہشتگردی ‘ بد امنی ‘ جرائم اور ہمہ اقسام مافیاز کا خاتمے کے مشن میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیں گے اور پولیس کا امیج بہتر کرکے اس پر موجود عوامی اعتماد کو پھر سے بحال کرنے کا کارنامہ انجام دیں گے۔