اسلام آباد (جیوڈیسک) فیض آباد دھرنا کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت نے خادم حسین رضوی و دیگر ملزمان کے خلاف مزید پانچ مقدمات میں وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ عدالت نے حکم دیا کہ خادم حسین رضوی سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت پیش کیا جائے۔
عدالت نے اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن میں درج مقدمات میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے، خادم حسین رضوی اور دیگر ملزمان کے خلاف درج 26 مقدمات میں سے اب تک 14 مقدمات میں وارنٹ جاری ہو چکے ہیں، 9 مقدمات میں انسداد دہشتگردی جبکہ پانچ میں سول عدالت نے وارنٹ جاری کیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انڈسٹریل ایریازون کے تھانوں میں درج تمام 14 مقدمات میں ملزمان کے وارنٹ گرفتاری حاصل کر لیے گئے ہیں، وارنٹ گرفتاری انسداد دہشتگردی اور دیگر عدالتوں سے حاصل کئے گئے، مقدمات میں خادم رضوی اور ساتھیوں پر دہشتگردی سمیت مختلف دفعات شامل ہیں۔