اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) احتساب عدالت نے فاروق ایچ نائیک کی آصف زرداری سے ملاقات کی درخواست مسترد کر دی۔
جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں گرفتار آصف زرداری سے ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے ملاقات کے لیے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی جس میں مؤقف اپنایا گیا ہےکہ پیر کو فاروق ایچ نائیک مصروف ہیں، پیر کے علاوہ کسی دوسرے دن آصف زرداری سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
دورانِ سماعت جج محمد بشیر نے گزشتہ روز جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے سلسلے میں حسین لوائی کے وکیل کے برتاؤ پر فاروق نائیک کے معاون وکیل سے کہا کہ اس دن آپ نے دیکھا وکیل صاحب میرے ساتھ کتنی بدتمیزی کررہے تھے، جتنی رعایت کرو سب اتنا سر پر چڑھتے ہیں۔
اس پر معاون وکیل چوہدری ریاض نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کس وکیل نے بدتمیزی کی۔
بعد ازاں عدالت نے فاروق نائیک کی آصف زرداری سے ملاقات کی درخواست مسترد کردی جب کہ جج محمد بشیر نے ریمارکس دیے کہ جس دن ملاقات کاوقت مقررہے تب ہی ملاقات کریں۔
واضح رہے کہ سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب کی تحویل میں ہیں۔