جوہر آباد (جیوڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خوشاب عرفان احمد سعید نے جعلی ڈگری کیس میں عدالت میں پیش نہ ہونے پر سابق وفاقی وزیر سمیرا ملک کے ورانٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
عدالت نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کو ہدایت کی کہ ایک پولیس انسپکٹر کو سابق وزیر کے پاس بھجوایا جائے اور 10 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے ساتھ ایک شخصی ضمانت بھی لی جائے کہ وہ اگلی تاریخ پر عدالت میں پیش ہوں گی۔ اگر وہ مچلکے اور شخصی ضمانت نہ دے سکیں تو انھیں گرفتار کر لیا جائے اور 27 ستمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ سمیرا ملک 2002، 2008 اور 2013 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئی تھیں تاہم 2013 کے انتخابات کے بعد ان کی ڈگری کو چیلنج کیا گیا تھا ، سماعت کے بعد ان کی ڈگری جعلی قرار دے دی گئی تھی۔