جعلی ڈگری کیس، خیبرپختونخواہ کے وزیر یوسف ایوب نااہل

 Yousaf Ayoub

Yousaf Ayoub

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں خیبرپختونخواہ کے وزیر یوسف ایوب کو نااہل قرار دے دیا۔

چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے خیبرپختونخواہ کے وزیر یوسف ایوب کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ یوسف خان فیلڈ مارشل ایوب خان کے پوتے ہیں وہ پی کے پچاس ہری پور سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے اور بعد میں وزیر بن گئے۔ یوسف خان کے مدمقابل قاضی اسد نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی کہ یوسف خان نے 2002 میں جو الیکشن لڑا اس وقت ان کی بی اے کی ڈگری جعلی تھی۔

الیکشن ٹریبونل اور ہائی کورٹ نے یوسف خان کو نااہل قرار دیا۔ یوسف ایوب نے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تاہم سپریم کورٹ نے آج الیکشن ٹریبونل اور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے یوسف خان کو تاحیات نااہل قرار دے دیا۔ سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ یوسف خان آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے۔