جعلی ڈگری ہولڈر سیاست دانوں نے کرپشن، اقرباء پروری اور رشوت خوری کے رواج کو فروغ دیا ہے: زبیر حفیظ
Posted on February 15, 2014 By Majid Khan لاہور
لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ تعلیم کے فروغ سے ترقی کی راہیں کھلیں گی۔ تعلیم ہی وہ شعبہ ہے جس میں مزید بہتری لا کر ہم ترقی یافتہ قوموں کی صف میں کھڑے ہو سکتے ہیں۔ تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کے لیے محنت کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام کوئٹہ میں لگائے گئے اسٹڈی کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ جعلی ڈگری ہولڈر جب پارلیمنٹ میں آئیں گے تو پھر تعلیمی ترقی کے خواب ادھورے ہی رہیں گے پھر کرپشن، اقرباء پروری اور رشوت خوری کا رواج ہو گا۔ عوام قابل، ایماندار اور مخلص لوگوں کو جب پارلیمنٹ میں بھیجے گی تو ترقی کی راہ ہموار ہو گی۔نوجوان تبدیلی کے لیے ہر اول دستہ ہیں۔
طلبہ تعلیمی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔ تعلیمی نظام کی بہتری سے آگے بڑھ سکتے ہیں۔جمعیت کے زیر اہتمام طلبہ کی کونسلنگ کا نظام مستقبل میں بہتر نتائج کا حامل ہو سکتا ہے۔ سیکرٹری جنرل جمعیت نے مزید کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے تعلیمی ترقی از حد ضروری ہے۔
تعلیمی بجٹ میں اضافہ کر کے فروغ تعلیم کے لیے جامع پالیسی بنائی جانی چاہیے۔ جمعیت کے زیر اہتمام کوئٹہ، میرپور، راولپنڈی ،اسلام آباداور لاہور میں بڑے ونٹراسٹڈی کیمپ کیے گئے ہیں جبکہ ملک بھر میں درجنوں کوچنگ سینٹرز میںطلبہ کی مفت رہنمائی کی جا رہی ہے۔
اسلامی جمعیت طلبہ نے ہمیشہ طلبہ کی بہتر رہنمائی کی ہے، ملک کی تعمیر اور ترقی کے لئے طلبہ محنت کو اپنا شعار بنائیں کیوں کہ طلبہ ہی اس دیس کا مستقبل ہیں۔ بلوچستان، خیبر ،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کے دوران برف باری کی دجہ سے تعطیلات ہوتی ہیں، سخت موسم میں طلبہ کے لیے اپنی تعلیم جاری رکھنامشکل ہو جاتا ہے۔
طلبہ کی ایک بڑی تعداد اس سخت ترین موسم میںتعلیم جاری نہیں رکھ سکتی اس لئے جمعیت ان علاقوں کے طلبہ کے لئے دیگر شہروں میںونٹر اسٹڈی کیمپس کا انتظام کرتی ہے جس کی وجہ سے طلبہ کا تعلیمی نقصان نہیں ہوتا۔ کئی سالوں سے ہزاروں طلبہ ان اسٹڈی کیمپس سے اپنی تعلیم کے حوالے سے مستفید ہو رہے ہیں۔
ہر سال سینکڑوں طلبہ کو ان کیمپس کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔دریں اثناء طویل ونٹر اسٹڈی کیمپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں مہمانان نے حسن ِکارکرِدگی کے انعامات تقسیم کیے۔ واضح رہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام بلوچستان کے طلبہ کے لیے ونٹر اسٹڈی کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔ونٹر اسٹڈی کیمپ تین ماہ تک جاری رہا۔طلبہ کو قیام اور طعام کی سہولیات مہیاء کی گئیں۔ اسٹڈی کیمپ میں بلوچستان بھرسے میٹرک اور انٹر کے ڈیڑھ سو زائد طلبہ کو شریک کروایا گیا۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com