جعلی ڈگری کے کاری وار،سابق صوبائی رکن اشتہاری قرار

Fake Degree

Fake Degree

بہاولپور(جیوڈیسک)جعلی ڈگریوں کی تلوار نے امیدواروں کے نام انتخابی دنگل سے کاٹنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ اقبال احمد لنگڑیال کو اشتہاری قرار دیکر اشتہار گھر پر چسپاں کرنے کا حکم دے دیا۔علی مدد جتک کو سیشن کورٹ طلب کرلیا گیا ہے۔ جمشید دستی کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ جمعرات کو سنایا جائے گا۔

سپریم کورٹ کے حکم پر جعلی ڈگری والوں کی چھٹائی کا سلسلہ جاری ہے۔کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے سابق صوبائی وزیر علی مدد جتک کو سیشن کورٹ میں طلب کرلیا گیا۔بہاولپور سے جعلی ڈگری میں ملوث سابق ممبر قومی اسمبلی عامر وارن کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے ہیں۔

عدالت نے گرفتار کرکے تین بجے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ ساہیوال سے جعلی ڈگری کیس میں اقبال احمد لنگڑیال کو اشتہاری قرار۔ عدالت نے احمد لنگڑیال کے ضامن کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ڈی جی خان کے میر بادشاہ خان جعلی ڈگری کیس کی سماعت جمعرات کو ہوگی۔

ڈی آئی خان سے جعلی ڈگری میں ملوث خلیفہ عبدالقیوم کی درخواست ضمانت پشاور ہائی کورٹ ڈیرہ بنچ نے مسترد کردی۔خلیفہ عبد القیوم کو جعلی ڈگری کیس میں تین سال قید اور پانچ ہزار جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

سابق ایم این اے را مظہر حیات کے جعلی ڈگری کیس کی سماعت تئیس اپریل تک ملتوی کردی گئی۔گجرات سے تعلق رکھنے والے ن لیگ کے سابق ایم پی اے حاجی ناصر محمود بھی جعلی ڈگری کیس کا سامنا کررہے ہیں ۔جعلی ڈگری کے وار کا شکار صرف سابق ہی نہیں موجودہ انتخابی امیدوار بھی ہو رہے ہیں ۔۔پاکپتن این اے ایک سو پینسٹھ سے ن لیگ کے امیدوارسلمان محسن گیلانی کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے۔