کراچی (جیوڈیسک) جعلی اور خراب نوٹوں کی روک تھام کے لئے سٹیٹ بینک نے بینکوں کو یکم جنوری سے صرف مشین سے تصدیق شدہ نوٹ جاری کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
سٹیٹ بینک کا عوام کے لئے ایک اور اچھا اقدام ، ملک میں جعلی اور خراب نوٹوں گردش روکنے کے لئے مرکزی بینک نے تمام بینکوں کو نوٹوں کی تصدیق کی مشینیں نصب کرنے کے احکامات جاری کیے تھے جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے تمام بینکوں کی بڑی برانچوں میں یہ مشینیں نصب کی جا چکی ہیں۔
اب جنوری 2017 سے 500 اور اس سے بڑی مالیت کے بینک نوٹوں کی تصدیق کا عمل شروع ہوجائے گا اور بینک کے کیش کائونٹر اور اے ٹی ایم سے صرف تصدیق شدہ نوٹ ہی ملیں گے، جبکہ 2018 سے تمام چھوٹے نوٹوں کی تصدیق کا عمل بھی شروع ہو جائے گا۔
سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ نوٹوں کا معیار مزید بہتر بنانے کے لئے 2017 میں تمام بڑے نوٹوں میں حفاظتی اقدامات کو بہتر بنانے کے لئے بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔