جعلی پاسپورٹ بنوانے کا الزام، بھارتی پولیس نے پاکستانی خاتون کو گرفتار کر لیا

India

India

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی ریاست تامل ناڈو میں پولیس نے 49 سالہ پاکستانی عورت کو جعلی کاغذات پر بھارتی پاسپورٹ حاصل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔

بتایا گیا ہے کہ حوا بی بی جو دبئی میں رہتی تھیں، نے 1988ء کے اوائل میں بھارتی مسلمان خالد عبداللہ سے شادی کی۔ دونوں دو سال بعد خالد عبداللہ کے تامل ناڈو میں آبائی شہر ولوپورم میں آباد ہو گئے۔ حوا بی بی نے 1992ء میں اپنی پاکستانی شہریت سرنڈر کر دی اور اپنے کاغذات پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کر دیئے۔

انہوں نے بھارتی شہریت کیلئے درخواست بھارتی وزارت خارجہ کو دی جو بھارتی حکومت نے اس حقیقت کے باوجود مسترد کردی کہ حوا بی بی ایک بھارتی باشندے کی بیوی ہے اور اس کے اس سے 5 بچے ہیں جو اب جوان ہو چکے، شہریت دینے کی بجائے بھارتی حکومت نے حوا بی بی کو بھارت میں قیام کا اجازت نامہ دے رکھا ہے جس کی ہر 3 سال بعد تجدید کرانی پڑتی ہے۔