لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ سقوط ڈھاکہ پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، اسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اپنے ایک بیان میں قائد الطاف حسین نے کہا کہ بنگالیوں کو حقوق دینے کے بجائے ان کی آواز کو دبانے کیلئے فوج کشی کی گئی۔
جن بنگالیوں نے قیام پاکستان کے لئے بیش بہا قربانیاں دیں انہیں ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا گیا اور زندگی کے ہر میدان میں ان کے ساتھ ناانصافیاں کی گئیں۔
اقتدار مافیا نے پاکستان کو دو لخت کرنا گوارہ کرلیا لیکن بنگالی عوام کو جائز حقوق دینا گوارہ نہ کیا۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھیں اور پرانی روش چھوڑ دیں۔