کراچی (جیوڈیسک) سربراہ پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ باطل قوتیں سازش کے تحت ملک کی اکثریتی عوام اہلسنت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازشیں کررہی ہیں۔ سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ علامہ شاہ تراب الحق قادری کی جلد صحت یابی کیلئے عوام دعا کریں۔ ان کا کہنا تھاکہ شاہ تراب الحق قادری جماعت اہلسنت کا سرمایہ ہیں۔
پاکستان میں یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کہنے والوں کی اکثریت ہے، مگر صد افسوس کہ اتحاد و یکجہتی نہ ہونے کی وجہ سے ہم اپنا سیاسی طور پر تشخص برقرار نہ رکھ سکے، سنی نمائندے، علما کرام، مشائخ عظام کسی نہ کسی سیاسی پارٹی کے ذریعے اسمبلیوں تک ضرور پہنچے مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام اہلسنت کی ایک ہی نمائندہ جماعت ہو جس کے پلیٹ فارم سے حقوق اہلسنت کی آواز متحد ہوکر بلند کی جا سکے۔