ایک ہی خاندان کے تین افراد کی نماز جنازہ لیاقت باغ راولپنڈی میں ادا کر دی

اسلام آباد: راولپنڈی میں گذشتہ روز ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے ایک ہی خاندان کے تین افراد کی نماز جنازہ لیاقت باغ راولپنڈی میں ادا کر دی گئی، نماز جنازہ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے پڑھائی، اس موقع پر ہزاروں سوگواروں نے نماز جنازہ میں شرکت کی اور نعرے بازی کی۔نماز جنازہ کے شرکاء سے خطا ب میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ہمیں شہادتیں سے ڈرایا یا دھمکایا نہیں جا سکتا، پنجاب حکومت کالعدم جماعتوں کو سپورٹ کررہی ہے، جبکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ دہشتگردوں کے روٹس شہروں میںموجود ہیں جن کیخلاف تاحال کارروائی نہیں کی جارہی، انہوں نے کہا کہ اکیسویں آئینی ترمیم کے بعد حکومتی رٹ مضبوط ہونی چاہیئے تھی اور دہشتگردوں اور ان کے حامیوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کی جاتی لیکن افسوس کا مقام ہے کہ کالعدم تنظیموں کے سربراہ اسلام آباد میں بیٹھ کر پریس کانفرنسز کررہے ہیں جبکہ انتظامیہ ان کی سیکیورٹی پر لگی ہوئی ہے جبکہ عوام کو قاتلوں کے آگے تنہا چھوڑ دیا گیاہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے کالعدم جماعتوں اور دہشتگردی میں ملوث مدارس کیخلاف کارروائی کا آغا ز نہ کیا تو ہم حکومت مخالف تحریک کا آغاز کریں گے جو حکومت کو اپنی لپیٹ میں لے لی گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو آخری موقع دیتے ہیں کہ وہ اپنی پوزیشن واضح کرے اور کالعدم جماعتوں اور دہشتگردی میں ملوث مدارس کیخلاف کارروائی کرے۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھاکہ پنجاب حکومت کالعدم جماعتوں کی سرپرست ہے۔ رانا ثناء اللہ جیسے کردار راولپنڈی سمیت پنجاب بھر کے حالات کے ذمہ دار ہیں۔ افسوس کا مقام ہے کہ امام بارگاہ چٹیاں ہٹیاں کا واقعہ پیش آیا لیکن کسی حکومتی وزیر یا ایم این اے نے سوگواروں سے اظہار تعزیت تک نہ کی۔ آج جناز ے میں مسلم لیگ ن کے نمائندوں کا نہ ہونا ثابت کرتا ہے کہ حکومت دہشتگردوں کی حامی ہے، ورنہ وہ مظلوموں کے ساتھ ہوتی۔

Funeral Prayer

Funeral Prayer