کراچی (پ ر) امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے ناظم آباد نمبر 3 میں شالیمار پارک کے بالمقابل فیملی چلڈرن پارک پر لینڈ مافیا کی جانب سے قبضے کی کوشش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ جگہ پارک کے لئے مختص ہے، جہاں پر علاقے کی خواتین اور بچے کثیر تعداد میں روزانہ سیر و تفریح کے لئے آتے ہیں۔
قبضہ مافیا کی جانب سے اس پارک پہلے بھی قبضے کی کوشش کی جا چکی ہے جسے جماعت اسلامی نے اہل علاقہ کے ساتھ مل کر ناکام بنایا تھا۔ لینڈ مافیا کی جانب سے اس پر دوبارہ قبضہ کرنے کی کوشش سے علاقہ مکینوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے جس سے نقص امن کا مسئلہ بھی پیدا ہوسکتا ہے۔
منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اس مسئلہ کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی اور اہل علاقہ کے ساتھ ملک کر احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود شہر کی بچی ہوئی سرکاری زمینوں پر لینڈ مافیا قبضہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو حکومت کی نااہلی ہے۔
انہوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ فی الفور فیملی چلڈرن پارک ناظم آباد نمبر 3 پر قبضے کی کوششوں کا نوٹس لیا جائے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
سید انوار احمد سیکریٹر ی اطلاعات جماعت اسلامی، وسطی 0345-2385320