آل کراچی عرفان شہید میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ میں ینگ اتحاد نے کورنگی اسٹار کو شکست سے دو چار کردیا

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کورنگی یونین فٹ بال کلب کراچی کے زیر اہتمام ناصر اسپورٹس فٹ بال گرائونڈ پر جاری آل کراچی عرفان شہید میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں کورنگی کی معروف فٹ بال ٹیم ینگ اتحاد فٹ بال کلب نے سیکریٹری ینگ اتحاد فٹ بال ٹیم با بو فیروز کی قیادت میں ہزاروں شائقین کی موجودگی میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی سخت حریف کورنگی اسٹار کو 2-0 سے شکست دے کر اگلے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا۔

میچ کے دوران کھیل کے پہلے ہاف کے 15 ویں منٹ میں ینگ اتحاد کی جانب سے محمود نے اپنی انفرادی کوشش سے خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-0 سے آگے بڑھا دیا جبکہ دوسرے ہاف کے اختتامی لمحات میں فاتح ٹیم کے ہی منصور نے ایک مشکل زاویئے سے لفٹ اینگل سے گینڈ کو جال میں ڈال کر مقابلہ 2-0 کر دیا۔ کورنگی اسٹار نے بارہا کوششوں کے باوجود ینگ اتحاد کے گولوں کا قرض اُتارنے میں ناکام رہی۔

اور اس طرح کھیل کے اختتام پر ینگ اتحاد 2-0 کی کامیابی کے ساتھ گرائونڈ سے باہر آئی اس موقع پر شائقین فٹ بال نے نوجوان کھلاڑیوں کو شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے پر دل کھول کر داد دی۔ سیکریٹری ینگ اتحاد بابو فیروز نے اپنی ٹیم کو آل کراچی عرفان شہید میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ میں شاندار کامیابی پر ٹیم کے ہر کھلاڑی کو مبارک باد پیش کی ٹورنامنٹ کے اس اہم میچ کو نیشنل ریفری اسد محمود نے اپنے معاون ساتھیوں عبدالوحداور شکیل مسیح کے ہمراہ سپروائز کیا جبکہ میچ کمشنر کے فرائض نصیرالدین عباسی نے انجام دیئے۔