کراچی : بلدیہ کورنگی کی جانب سے شاہ فیصل، ملیر ماڈل کالونی، کورنگی اور لانڈھی زونز میں منتخب یوسیز میں 100 روزہ تعمیر کراچی پروگرام کے تحت علاقائی تعمیر و ترقی اور بلدیاتی انتظامات کی بہتری کے ساتھ فیملی پارکوں، کھیل کے میدانوں، گرین بیلٹس، چورنگیوں اور چوارہوں کی تزئین و آرائش کا کام بھی تیز کے ساتھ جاری ہے۔
چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہا کہ ضلع کورنگی میں تعمیر و ترقی کے ساتھ علاقوں کو سجائیں گے، عوام کو مسائل سے چھٹکار دلا نے کے ساتھ فیملی پارکوں اور کھیل کے میدانوں کو تفریحی سرگرمیوں کا مرکز بنا یا جائیگا ،100 روزہ تعمیر کراچی پروگرام شہر کی تعمیر و ترقی میں سنگ میل ثابت ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے 100 روزہ تعمیر کراچی پروگرام کے تحت شاہ فیصل، ملیر ماڈل کالونی، کورنگی اور لانڈھی زونز میں بلدیہ کورنگی کے تحت منتخب یوسیز میں جاری تعمیر و ترقی اور فیملی پارکوں پر تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کے حوالے سے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر یونین کمیٹیز کے چیئرمین اور بلدیہ کورنگی کے محکما جاتی سربراہان بھی موجود تھے۔
چیئرمین سید نیئر رضا نے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے محکمہ پارکس بلدیہ کورنگی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ ماڈل یوسیز کے ساتھ ضلع کورنگی میں قائم تمام فیملی پارکوں میں تزئین و آرائش اور مرمتی کاموں کو انجام دیا جائے اور اس پر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہا کہ کراچی کی ترقی سے پاکستان کا استحکام ہے اور پاکستان کو عظیم بنانے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں علاقائی ترقی سے شہر کو سجانے اور پاکستان کو مضبوط بنا نے کے لئے اقدامات جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کو گندگی سے نجات دلا نے کے ساتھ شہر کو سجائیں گے عوام شہر کی تعمیر و ترقی اور علاقائی مسائل کے خاتمے کے لئے بلدیہ کورنگی سے تعاون کریں انہوں نے کہا کہ عوام کے باہمی تعاون کے ذریعے ہم ضلع کورنگی میں بسنے والے ہر فرد کو مسائل سے پاک معاشرے کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔
اس موقع پر انہوں نے محکمہ پارکس کو ہدایت کی کہ فیملی پارکس، کھیل کے میدانوں، گرین بیلٹس کو سرسبز بنا نے کے لئے عوامی تعاون کے ذریعے اقدامات کئے جائیں، چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے بلدیہ کورنگی کے تمام محکماجاتی سربراہان کو ہدایت کی کہ 100 روزہ تعمیر کراچی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔