کراچی (جیوڈیسک) ماضی کے مشہور مزاحیہ اداکار جمشید انصاری کو مداحوں سے بچھڑے 9 برس بیت گئے، وہ اپنی منفرد اداکاری کے ذریعے آج بھی اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔
جمشید انصاری 31 دسمبر 1942 کو بھارت میں پیدا ہوئے، قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان پاکستان منتقل ہو گیا۔ گریجویشن کے بعد جمشید انصاری لندن چلے گئے، اپنے کیرئیر کے ابتدائی دنوں میں انہوں نے بی بی سی میں کام کیا۔
اور پروڈکشن کے کئی کورس بھی کئے۔ جمشید انصاری کی پاکستان واپسی 1968 میں ہوئی اور ڈرامہ’ جھروکے‘ سے اداکاری کا آغاز کیا اور اپنی لاجواب اداکاری سے ڈرامہ انڈسٹری میں سکہ جما لیا۔ جمشید انصاری کے مشہور ڈراموں میں کرن کہانی۔
انکل عرفی، ہاف پلیٹ، اَن کہی، تنہائیاں اور زیر زبر پیش شامل ہیں۔ 25 اگست 2005 کو جمشید انصاری برین ٹیومر کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے، مگر وہ آج بھی اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔