معروف بھارتی صحافی کلدیپ نائر 95 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

Kuldeep Nayyar

Kuldeep Nayyar

نئی دہلی (جیوڈیسک) معروف بھارتی صحافی، مصنف اور سماجی کارکن کلدیپ نائر 95 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

بھارتی نیوز ویب سائٹ این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق کلدیپ نائر کافی عرصے سے علیل تھے، ان کا انتقال جمعرات کی صبح نئی دہلی کے ایک اسپتال میں ہوا۔

14 اگست 1923 کو پاکستانی شہر سیالکوٹ میں پیدا ہونے والے کلدیپ نائر نے تقسیم کے بعد بھارت منتقل ہونے سے قبل لاہور سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔

کلدیپ نائر 1990 میں برطانیہ میں بھارت کے ہائی کمشنر بھی رہ چکے ہیں جبکہ انہیں بھارتی ایوانِ بالا (راجیا سبھا) کے رکن کے طور پر بھی نامزد کیا گیا تھا۔

کلدیپ نائر نے 15 کے قریب کتابیں لکھیں، جن میں ‘انڈیا آفٹر نہرو’، ‘ایمرجنگ ری ٹولڈ’ اور ‘بیونڈ دی لائنز’ شامل ہیں۔

2015 میں انہیں صحافت میں ان کی خدمات پر ‘لائیو ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ’ سے بھی نوازا گیا۔

انہوں نے سوگواران میں ایک بیوہ اور 2 بیٹوں کو چھوڑا ہے۔

کلدیپ نائر کی وفات پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔