اسلام آباد (پ۔ر) نامور کشمیری رہنما اور مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے سابق نائب صدر حاجی سید محمد شاہ مدنی مرحوم کی پہلی برسی کی تقریب سات جنوری بروز اتوار بمقام نورپورسیداں، تحصیل سوہاوا، ضلع جہلم منعقد ہو گی۔
تقریب میں متعدد سیاسی رہنماووں اور مذہبی اور سماجی زعماء کو مدعو کیاگیاہے۔ مرحوم کے بھائی اور سابق مشیرآزادکشمیرسید غلام احمد شاہ کا کہناہے کہ برسی کا پروگرام صبح نو بجے شروع ہوگا اور دوپہرایک بجے اختتامی دعا ہوگی۔
یادرہے کہ مرحوم حاجی محمد شاہ مدنی ایک منجھے ہوئے سیاسی اور سماجی رہنماء تھے اور ان کا حلقہ احباب پاکستان اور آزادکشمیردونوں میں بہت وسیع تھا۔ ان کا تعلق کشمیرکی ایک عظیم روحانی شخصیت پیر سید نوران شاہ کے خاندان سے ہے جنہوں نے کئی عشرے قبل مقبوضہ کشمیرسے پاکستان ہجرت کی اور سوہاوا کے مقام پر نورپورسیداں کے نام سے ایک بستی کو آباد کیا۔ آپ کے ایک فرزند مرحوم سید عبداللہ شاہ آزاد آزادکشمیرکے وزیرتعلیم رہے ہیں جنکے بڑے بیٹے سید شوکت شاہ آزادکشمیرکے موجودہ وزیرخوراک ہیں۔ حاجی سید محمد شاہ مدنی جو رشتے میں سید شوکت شاہ کے پھوپھی زاد ہیں، کا بنیادی طورپر تعلق ضلع راولاکوٹ کے گاؤں چھوٹا گلا سے تھا لیکن ان دنوں ان کے خاندان کے بہت سے افراد بشمول مرحوم کے فرزندان بھی نورپورسیداں میں مقیم ہیں۔
حاجی محمد شاہ مدنی اپنی کاروباری مصروفیات کے سلسلے میں کافی عرصہ متحدہ عرب امارات بھی رہے۔ انھوں نے پاکستان، آزادکشمیراور مشرق وسطیٰ کے ممالک میں پاکستان اور کشمیرکے لوگوں کے لئے بے لوث خدمات انجام دیں۔ وہ ایک ہمدرد اور بلاتفریق رنگ و نسل انسانیت سے محبت رکھنے والے انسان تھے۔