کراچی (جیوڈیسک) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن گیان چنداسرانی نے کہا ہے کہ فینسی نمبر پلیٹ لگانے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف مہم کا آغاز کیا جائے۔ جس میں مخصوص مدت تک تنبیہ دی جائے گی اور اس کے بعد فینسی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کو ضبط کرلیا جائے گا۔
پھر قانونی کارروائی کے بعد ہی گاڑیاں مالکان کو واپس ملیں گی ، محکمہ ایکسائز کے افسران کے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے ہدایات جاری کیں کہ ٹریفک پولیس اور محکمہ ایکسائز کے باہمی تعاون سے فینسی نمبر پلیٹ کے خلاف مہم چلائی جائے جو کہ 3 مرحلوں پر مشتمل ہوگی۔
پہلے مرحلے میں عوام کو تنبیہ کی جائے کہ فوراً فینسی نمبر پلیٹ ہٹادیں لیکن اس امر کا خیال رکھا جائے کہ افسران وا ہلکار اخلاق کا دامن ہرگز نہ چھوڑیں ، دوسرے میں فینسی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے مالکان پر ٹریفک پولیس کے تعاون سے مخصوص جرمانہ عائد کیا جائیگا جبکہ آخری مرحلوں میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی ضبطی عمل لائی جائے گی۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ فینسی نمبر پلیٹ لگانا شہری زندگی کے اصولوں کے خلاف بھی ہے جس میں اپنی امارت و شان کا اظہار فینسی نمبر پلیٹس لگاکر کیا جاتا ہے۔
جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو گاڑی کے نمبر شناخت کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے ،اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عبدالمجید پٹھان ‘ ڈائریکٹر ایکسائز شبیر احمد شیخ اور دیگرنے بھی شرکت کی۔