ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنٹ عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راؤ سوائن فلو میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ اس خبر کی تصدیق عامر خان نے خود ایک ویڈیو بیان میں کی ہے۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں شخصیات نے آج ایک فلاحی ادارے پانی فاؤنڈیشن کی تقریب میں شرکت کرنا تھی لیکن بیماری کی وجہ سے وہ اس میں شرکت نہ کر سکے۔
اس سے قبل سینئر جرنلسٹ انوپما چوپڑہ نے خبر دی تھی کہ عامر اور کرن سوائن فلو میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
پانی فاؤنڈیشن کی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ کرتے ہوئے عامر خان نے خود ان خبروں کی تصدیق کی۔ عامر خان نے بتایا کہ وہ اور ان کی اہلیہ سوائن فلو جیسی وائرل بیماری میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چونکہ اس بیماری کا وائرس بہت جلدی سے پھیلتا ہے، اس لیے ہم نے فیصلہ کیا کہ دوسرے لوگوں کی حفاظت کیلئے تقریب میں شرکت نہ کی جائے۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹوں کے ذریعے ہمارے خون میں سوائن فلو کی تصدیق ہو گئی ہے۔
میں نے اور کرن راؤ نے آئندہ ایک ہفتے تک گھر سے باہر نہ نکلنے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ ہمارے وائرس سے کوئی متاثر نہ ہو جائے۔