فرح مسعود کی شعبہ تعلیم کی بہتری و ترقی سے متعلق خصوصی توجہ اور کاوشیں قابل تحسین ہیں

Education

Education

پیر محل (میاں اسد حفیظ سے) حکومت پنجاب نے ضلعی محکمہ تعلیم ٹوبہ ٹیک سنگھ کو شاندار امتحانی نتائج اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر رواں مالی سال کیلئے نان سیلری بجٹ کی مد میں 39کروڑ 70 لاکھ روپوں کی خطیر رقم فراہم کی ہے جو طلباء کی انرولمنٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے ہزار روپیہ فی سٹوڈنٹ کے حساب سے ضلع بھر کے تمام سکولوں میں تقسیم کی جائیگی۔

نان سیلری بجٹ سکول کمیٹی کے ممبران اور انتظامیہ کی مشاورت سے سکول انفراسٹرکچر کی بہتری، فرنیچر کی خریداری،باﺅنڈری وال،کلاس رومز،ٹائلٹس و دیگر تعمیراتی منصوبوں کے علاوہ سٹیشنری و درسی میٹریل،عارضی سٹاف کی تعیناتی اور دیگر امور سے متعلق خرچ کیا جائے گا۔

مزید برآں ڈی سی او ڈاکٹر فرح مسعود اور پی ایم آئی یو کی ہدایت پر تعمیراتی منصوبوں کی کڑی مانیٹرنگ اور بنیادی ضروریات کے حوالے سے ہر سکول کو سکول بیسڈ ایکشن پلان فارم بھی ارسال کر دیا گیا ہے تاکہ تعلیمی نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔واضح رہے پچھلے مالی سال میں پنجاب کے9 اضلاع کو نان سیلری بجٹ فراہم کیا گیا تھا جبکہ رواں مالی سال میں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت مزیدنو اضلاع کو شامل کیا گیا ہے اور اس حوالے سے ڈی سی او ڈاکٹر فرح مسعود کی شعبہ تعلیم کی بہتری و ترقی سے متعلق خصوصی توجہ اور کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

ڈی سی او ڈاکٹر فرح مسعود نے نان سیلری بجٹ کی فراہمی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ اور باشعور نسل ہی کسی بھی ترقی یافتہ ملک یا معاشرہ کی ترقی کا راز اور اساس ہے۔وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی تعلیم دوست پالیسیوں و دور رس اقدامات کی بدولت نہ صرف معیار تعلیم بلند ہوا ہے بلکہ انٹرنیشنل لیول پر بھی ہونہار طلباءنے ہر میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔ ڈی سی او ڈاکٹر فرح مسعود نے محکمہ تعلیم کے افسران اور اساتذہ کو آئندہ بھی پوری محنت اور توجہ سے اپنے فرائض بخوبی سر انجام دینے اور تعلیمی انقلاب کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔