ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کسی بھی کردار کو نبھانے کے لیے مکمل طور پر اس میں ڈھل جاتے ہیں اور اپنی آنے والی فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ میں فرنگی ملاح کا روپ دھارنے کے لیے تو انہوں نے اپنی والدہ کا میک اپ ہی استعمال کر ڈالا۔
عامر خان کی فلم ’پی کے‘ ہو یا پھر ’گجنی‘ ان کا منفرد انداز سب کو اپنی جانب متوجہ کرلیتا ہے۔ ایسے میں جب سے فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کا ٹریلر ریلیز ہوا ہے تب سے عامر خان کی سرمہ بھری آنکھیں، گھنگریالے بال اور میک اپ کے چرچے جاری ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فرنگی ملاح کے روپ میں ڈھلنے کے لیے عامر خان کی والدہ زینت حسین نے اُن کی مدد کی اور اُن کا میک اپ ان کی والدہ کی میک اپ کِٹ سے ہی کیا گیا۔
اور صرف یہی نہیں، زینت حسین نے کردار کو دلچسپ بنانے کے لیے بیٹے کو ٹپس بھی دیں۔
فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ رواں برس بالی وڈ کی سب سے بڑی فلم ہے، جس میں عامر خان اور امیتابھ بچن پہلی بار ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔
فلم کی کاسٹ میں کترینہ کیف اور اداکارہ فاطمہ ثناء شیخ بھی شامل ہیں۔
ایکشن، ڈرامہ اور ایڈونچر سے بھرپور فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کا ٹریلر گزشتہ ہفتے ریلیز کیا گیا تھا، جسے اب تک 50 ملین سے بھی زائد شائقین دیکھ چکے ہیں۔
اب انتظار ہے تو صرف فلم کا جو رواں برس 8 نومبر کو دیوالی کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔